News Details
09/01/2026
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کو صوبے میں عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کا مضبوط ترین ذریعہ بنایا جا رہا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کو صوبے میں عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کا مضبوط ترین ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا بروقت حل ہی “عوام کا احساس” وژن کی اصل روح ہے اور اسی مقصد کے تحت پاکستان سٹیزن پورٹل کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر ناقابل قبول ہے اور پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے ہر ادارے کو جوابدہ بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پورٹل کی فعالیت کو بہتر بنانے کیلئے اصلاحاتی عمل کا باضابطہ اجراءکیا۔ وزیراعلیٰ نے عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کویقینی بنانے کیلئے پورٹل کی براہ راست ذاتی نگرانی کرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام شہری اور سمندر پار پاکستانی بلا جھجھک پورٹل پر آئیں، ان کی شکایات کا بروقت اور موثر ازالہ یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ نئی اصلاحات کے نتیجے میں دور دراز علاقوں کے عوام اور ان شہریوں کے لیے بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جنہیں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں، تاکہ وہ دستی طور پر اپنی شکایات درج کرا سکیں۔ اس مقصد کے لیے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں 2354 ڈیش بورڈز قائم کیے گئے ہیں جہاں شہریوں کو شکایات کے اندراج کی سہولت دستیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ حکام شکایات کے بروقت ازالے کے ذمہ دار ہوں گے اور واضح کیا کہ اگر کوئی شکایت جو ایک دو دن میں حل ہو سکتی ہے ، اس پر ہفتہ لگتا ہے تو یہ غفلت شمار ہو گی جس پر ذمہ داران جوابدہ ہوں گے ۔وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ای گورننس کے تحت وضع کی گئی تمام ایپس کو پاکستان سٹیزن پورٹل کے تحت یکجا کیا جائے گا تاکہ عوام کو اداروں تک آسان اور یکساں رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے آن لائن کھلی کچہریوں کا آغاز کیا جا چکا ہے، اسی طرح دیگر تما م محکمے اور ڈویژنل اور ضلعی انتظامی حکام بھی آن لائن کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنائیں۔ اُنہوںنے ہدایت کی کہ ان کھلی کچہریوں میں موصول ہونے والی تمام شکایات کو موثر نگرانی کے لیے پاکستان سٹیزن پورٹل پر ڈالا جائے ۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ وہ اپنے قائد عمران خان کے وژن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے ای گورننس کی عملی مثال قائم کی اور ہمارا مقصد بھی یہ ہے کہ حکومتی اداروں کی کارکردگی ہر سطح پرنظر آئے، کیونکہ جب تک عوام کے درد کا حقیقی احساس نہ ہو، مو ¿ثر سروس ڈیلیوری ممکن نہیں۔تقریب کے شرکاءکو پورٹل میں مجوزہ اصلاحات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عوام کی اداروں تک آسان رسائی کے لیے تمام متعلقہ ایپس کو پورٹل کے تحت یکجا کیا جا رہا ہے۔ اداروں کی عوام تک رسائی بڑھانے کے لیے آن لائن کھلی کچہریوں کا مو ¿ثر نظام وضع کیا جائے گا جبکہ تیسری سطح پر شکایات کے از خود ازالے کا ایک جامع اور موثر نظام تشکیل دیا جائے گا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبے کے ساڑھے سات لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہیں ۔ اسی طرح صوبے میں پورٹل کے تحت شہریوں کے اطمینان کی شرح 54 فیصد ہے جو ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔جاری اصلاحات کے ذریعے پورٹل کی مجموعی کارکردگی اورشہریوں کے اطمینان کی شرح میں مزید بہتری آئے گی۔