News Details

05/01/2026

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گزشتہ رات یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے قائم زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا،

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے گزشتہ رات یتیم اور بے سہارا بچوں کے لیے قائم زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے زمونگ کور میں مقیم بچوں اور ادارے کی انتظامیہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، بچوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ نے زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کے کلاس رومز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور درکار اساتذہ کی فوری فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ قوم کا مستقبل ہیں اور ان کی ضروریات پوری کرنے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ طلبہ کی درخواست پر وزیر اعلیٰ نے زمونگ کور کے سرکاری کالجز میں زیر تعلیم بچوں کی فیس مکمل معاف کرنے جبکہ نجی کالجز میں زیر تعلیم بچوں کی پوری فیس صوبائی حکومت کی جانب سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ایٹا میرٹ اسکالرشپس میں زمونگ کور کے بچوں کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کرنے کا بھی حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم کے حصول کے تمام مواقع ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی تاکہ ان بچوں میں احساس محرومی پیدا نہ ہو اور وہ ایک کامیاب اور باوقار زندگی گزار سکیں۔ زمونگ کور میں طلبہ سے ملاقات کے دوران ان کی شکایات اور مسائل سنتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بچوں کے لیے خصوصی کمپلینٹ سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ زمونگ کور میں مقیم طلبہ اپنے مسائل اور شکایات براہ راست وزیر اعلی تک پہنچا سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے زمونگ کور کا ریکارڈ چیک کرتے ہوئے اکاونٹس سسٹم اور بچوں کو وظیفے کی ادائیگی کے نظام پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں نظاموں کو فوری طور پر ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کالجز اور اسپورٹس اکیڈمیز جانے والے بچوں کے لیے ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔ مزید برآں، طلبہ کی شکایات پر وزیر اعلیٰ نے زمونگ کور سے 11 بچوں کے نکالے جانے کے معاملے اور بچوں کو فراہم کی جانے والی ہائیجین کٹس کی تقسیم سے متعلق فوری انکوائریوں کی بھی ہدایت دی۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے زمونگ کور ماڈل انسٹیٹیوٹ کے مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا اور بچوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رہائش پذیر بچوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی دیکھ بھال حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زمونگ کور انسٹیٹیوٹس عمران خان کے احساس وژن کے تحت قائم کیے گئے ہیں اور انہیں ان کی اصل روح کے مطابق چلایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زمونگ کور انسٹیٹیوٹس کے تمام معاملات کی وہ بذات خود نگرانی کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے حیات آباد میں قائم زمونگ کور کے گرلز کیمپس کا بھی دورہ کیا اور اپنے گزشتہ دورے کے موقع پر جاری کیے گئے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی دعوت پر زمونگ کور میں مقیم بچیوں نے آج وزیر اعلیٰ ہاؤس کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد پر وزیر اعلیٰ نے بچیوں کو سی ایم ہاؤس کا دورہ کرایا، ان کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور سیر حاصل گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں زمونگ کور کی بچیوں کے اعزاز میں خصوصی ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جبکہ وزیر اعلیٰ نے بچیوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ زمونگ کور کی بچیوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں یادگار لمحات گزارے اور مدعو کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ بچیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زمونگ کور میں مقیم بچے ہی زمونگ کور کے اصل مالک ہیں اور ہم ان کے خادم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک زمونگ کور میں مقیم بچیاں تعلیم مکمل کر کے اپنے پاؤں پر کھڑی نہیں ہو جاتیں، عمران خان کی حکومت ان کا بھرپور خیال رکھے گی۔ وزیر اعلیٰ نے بچیوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ان کے مسائل اور شکایات براہ راست سننے کے لیے کمپلینٹ سیل قائم کیا جا رہا ہے تاکہ کوئی مسئلہ نظر انداز نہ ہو۔