News Details
06/09/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس جمعہ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی کابینہ اراکین،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز شریک ہوئے۔ کابینہ اجلاس میں گذشتہ کئی دنوں میں صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی سے شہید ہونے والے اہلکاروں اور افغانستان میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ " سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بروقت ریسکیو اور بہترین ریلیف آپریشنز کے لئے اپنی اور پوری کابینہ کی طرف سے سول انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سارے عمل میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں، صوبائی محکموں سمیت سب نے بہترین کام کیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں اتنی جلدی متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی کھبی نہیں ہوئی، بروقت ریلیف کی فراہمی پر متاثرین کا صوبائی حکومت پر اعتماد بحال ہوگیا ہے۔یہ ہماری حکومت کی بڑی کامیابی اور بہتر طرز حکمرانی کا واضح ثبوت ہے"۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے مال مویشیوں کے نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ اس مد میں بھی معاوضوں کو بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ سیلاب سے تباہ شدہ سرکاری املاک کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے جبکہ ان کی بحالی پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ جس طرح ہم سیلاب سے متاثر ہوئے اسی طرح ہمارے افعان بہن بھائی زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں، اس مشکل وقت میں افعان زلزلہ متاثرین کی مدد کرنا ہمارا اخلاقی فرض اور انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے۔ ہم نے زلزلہ متاثرین کے لئے فوری طور پر 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان بھیج دیا ہے،صوبائی حکومت ان زلزلہ متاثرین کی مزید بھی مدد کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں مزید خیموں اور ادویات کی ضرورت ہے اس لئے مزید ایک ہزار خیمے اور ادویات افغانستان بھیجی جائیں گی۔ متاثرین کے لئے راشن کی مد میں بھی امداد دی جائے گی جبکہ علاج معالجے کے لئے آنے والے زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔