News Details

05/02/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بعض اضلاع میں ناقص کارکردگی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بعض اضلاع میں ناقص کارکردگی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے اور ان کی جگہ میرٹ کی بنیاد پر پروفیشنل اور قابل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجے کی خدمات کی فراہمی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ہدایت انہوں نے محکمہ صحت کے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت احتشام علی، سیکرٹری صحت شاہد اللہ، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد سلیم کے علاوہ ڈائریکٹر انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے شرکاءکو انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے اغراض و مقاصد ، ذمہ داریوں، کارکردگی، چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ کے علاو ¿ہ محکمہ صحت کی جانب سے انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹس پر کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹس پر فوری ایکشن لینے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ محکمہ صحت آئی ایم یو کی رپورٹس پر کارروائیوں کی تفصیل بھی فراہم کرے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ تمام مراکز صحت کی مانیٹرنگ کو مزید مو ¿ثر بنایا جائے اور خدمات و سہولیات فراہمی سے متعلق عام لوگوں کا فیڈ بیک بھی لیا جائے۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے کی حوصلہ افزائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں میں موجود غیر فعال مشینری و طبی آلات کو فوری طور پر فعال بنانے اور سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ غیر حاضری کے عادی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کے خلاف بھرپور ایکشنز لیے جائیں۔ مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، اس میں کو ئی نرمی نہ برتی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئی ایم یو کی جانب سے مراکز صحت کے ماہانہ اوسطً 3972 مانیٹرنگ وزٹس کیے جاتے ہیں جن میں سے بنیادی مراکز صحت کے 3428 جبکہ سیکنڈری مراکز صحت کے 544 مانیٹرنگ وزٹس کیے جاتے ہیں۔ سال 2024 کے دوران پرائمری اور سیکنڈری مراکز صحت کے کل 36244 مانیٹرنگ وزٹس کیے گئے ہیں جن میں سے 6094 وزٹس صرف ضم اضلاع کے ہیں۔ وزٹس کی ماہانہ رپورٹس تیار کر کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو فیصلہ سازی کے لیے بھیجی جاتی ہیں۔ رپورٹس مراکز صحت کی صفائی ستھرائی ، ڈاکٹرز و طبی عملے، طبی آلات و مشینری، ادویات اور عوامی اطمینان سے متعلق ہوتی ہیں۔ آئی ایم یو کی جانب سے پاپولیشن ویلفیئر سنٹرز کی بھی مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال پاپولیشن ویلفیئر سنٹرز کے تقریباً 9 ہزار وزٹس کیے گئے ہیں۔