News Details

25/09/2022

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے زرعی یونیورسٹی پشاور کے امیر محمد خان کیمپس مردان کے لیے عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت عمل درآمد کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے زرعی یونیورسٹی پشاور کے امیر محمد خان کیمپس مردان کے لیے عمارت کی تعمیر کے منصوبے پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت عمل درآمد کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ یاد رہے کہ امیر محمد خان کیمپس کی مستقل عمارت کی تعمیر کے لیے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا ہے جس میں اکیڈمک بلاکس،سٹوڈنٹ ہاسٹلز، پلے گراونڈ، ریسرچ فارم اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے نتیجہ خیز زرعی تحقیق کے فروغ پر بھر پور توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ایک وسیع شعبہ ہے جس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے نالج بیسڈ اکانومی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ وزیراعلی نے امیر محمد خان کیمپس مردان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ابتدائی و ثانوی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو بھی جدید خطوط پر ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے۔محمود خان نے کہا کہ ان کی حکومت نے معیاری تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں تاہم اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اب بھی اصلاحات کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں طویل مدتی منصوبہ بندی اور پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے تعلیمی ادارے تباہ ہوئے، کسی نے بحیثیت قوم اپنی نوجوان نسل کے بارے نہیں سوچاجس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم نے ان کمزوریوں کو دور کر کے اپنے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ زراعت ایک ایسا وسیع شعبہ ہے جس کو فروغ دے کر نہ صرف غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے بلکہ مجموعی طور پر دیرپا معاشی ترقی کی راہ بھی ہموار کی جا سکتی ہے۔ وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، محکمہ اعلیٰ تعلیم اور زراعت کے انتظامی سیکرٹریز ، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی، سینڈیکیٹ ممبران اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔