News Details

02/05/2021

مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا

مالی سال 2021-22 کے بجٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں منعقد ہوا جس میں نئے مالی سال کی بجٹ تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ کے بنیادی خدوخال اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومت کی ترجیحات اور بجٹ کے دیگر اہم پہلوزیر بحث آئے۔ صوبائی وزراءتیمور سلیم جھگڑااور اکبر ایوب کے علاوہ چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز ، سیکرٹری خزانہ عاطف رحمان، سیکرٹر ی منصوبہ بندی و ترقیات عامر ترین اور محکمہ ہائے خزانہ اور منصوبہ بندی کے دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے اگلے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز کی فراہمی اور ترقیاتی فنڈز میں خاطر خواہ اضافے کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کے متعلقہ حکام کو بجٹ سازی کے عمل میں اس پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور عوام بلا تاخیر ان کے ثمرات سے مستفید ہوں۔ انہوںنے مزید کہاکہ ضرورت کی بنیاد پر نئے ترقیاتی منصوبے بھی بجٹ میں شامل کئے جائیں گے۔ نئے سال کے بجٹ میں مزدوراور محنت کش طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیاجائے گا۔