News Details

28/07/2020

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور کے سبزہ زار میں پودا لگا کر صوبے میں مون سون شجرکاری مہم 2020 کا باضابطہ اجراءکیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور کے سبزہ زار میں پودا لگا کر صوبے میں مون سون شجرکاری مہم 2020 کا باضابطہ اجراءکیا ہے اور عوام سے کہا ہے کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، درخت آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ ماحول کے ضامن ہیں ۔ خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات اشتیا ق ارمڑ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اورمحکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شجرکاری کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ درخت قوم کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں ۔ بین الاقوامی سطح پر موسمیاتی تغیر و تبدل اور گلوبل وارمنگ کے تناظر میں شجرکاری کی اہمیت زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ہمیں ماحول پر بڑھتے ہوئے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے ہوں گے ۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں وسیع پیمانے پر شجرکاری شروع دن سے صوبائی حکومت کے نمایاں اہداف میں شامل رہی ہے ۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت پچھلے پانچ سالوں کے دوران ایک ارب پودے لگانے کا ہدف کامیابی سے پورا کر چکی ہے ، جس کو دُنیا بھر میں سراہا گیا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ قومی سطح پر 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت صوبے میں مزید ایک ارب درخت لگائے جارہے ہیں۔ محمود خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالیں۔ صوبائی سطح پر شجرکاری کے مقررہ اہداف کے حصول کیلئے متعلقہ اداروں ، صوبائی محکموں ، سرکاری و نجی تنظیموں اور عوام سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے رواں پانچ سالوں کے دوران صوبے میں مزید ایک ارب پودے لگانے کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ ہم حسب سابق مقررہ وقت سے پہلے ہی مقرر ہ ہدف عبور کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جنگلات میں اضافے کی وجہ سے ماحول میں مثبت تبدیلی رونما ہو رہی ہے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کو شجرکاری مہم کے تحت مقررہ اہداف اور صوبے میں کامیاب شجرکاری کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کے حوالے سے بریفینگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ ، آئی یوسی این ، ورلڈ اکنامک فورم ، بون چیلنج اور دیگر قومی و بین الاقوامی تنظیموں نے شجرکاری کے حوالے سے صوبائی حکومت کے اقدامات اور کارناموں کو سراہا ہے ، جس پر صوبائی حکومت اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وسیع پیمانے پر شجرکاری کے ذریعے صوبے کے جنگلات کے مجموعی رقبہ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں