News Details

30/09/2019

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے درہ آدم خیل میں 350 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے درہ آدم خیل میں 350 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے سوئی گیس فراہمی کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے جس سے درہ آدم خیل کے پانچ قبیلوں کو گیس فراہم کی جائے گی ، اُنہوںنے درہ آدم خیل کے باقی ماندہ دو قبیلوں کیلئے بھی گیس فراہمی کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی تیز ترقی کیلئے اقدامات اُٹھارہی ہے جس کیلئے رواں سال 83 ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی بجٹ رکھا گیا ہے جس سے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ وہ بہت جلد تمام ایف آرز اور قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی عمل کا ازخود جائزہ لے سکیں ۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع میں تاریکی کا دور ختم ہو چکا ہے اور اب ترقی اورخوشحالی اُن کا مستقبل ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکہ کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا لیڈر ملا ہے جس نے صہیونی طاقتوں کے بیچ کھڑے ہو کر اسلام ، پاکستان اور کشمیر کے حق کیلئے موثر اور مدلل آواز بلند کی ۔ اقوام متحدہ میں عمران خان کی کامیاب تقریر پر وزیراعلیٰ نے مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہم کشمیر ی عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے اور عمران خان کی قیادت میں کشمیری عوام کو آزادی دلوا کر ہی دم لیں گے ۔اُنہوںنے کہاکہ چند سیاسی رہنما اپنے بغض اور نفرت کی وجہ سے قومی مسائل پر بھی سیاست کرنے سے گریز نہیں کر رہے ، ان کے پاس اب اس طرح کی کھوکھلی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں ہے حالانکہ قومی مفادات اور مسائل پرایک آواز ہو کر مودی سرکارکے ظلم و بربریت کا مقابلہ کرنا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں درہ آدم خیل ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور گرلز کالج کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ درہ آدم خیل کے اسلحہ مارکیٹ کے فروغ کیلئے کاٹیج انڈسٹری کی طرز پر کام کیا جائے گا جس سے درہ آدم خیل میں اسلحہ ساز فیکٹریوں میں بننے والے اسلحے کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پرقابل فروخت کیا جا سکے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے درہ آدم خیل میں اسلحہ بنانے والے کاریگروں/ مزدوروں کیلئے انصاف روزگار سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کا اعلان بھی کیا اورواضح کیاکہ اسلحہ سازی کی صنعت کو فروغ دینے سے صوبے کو خاطر خواہ آمدنی ملے گی جس سے صوبے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت کی کاوشوں کی بدولت قبائلی اضلاع کے ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہیں جو کہ موجودہ حکومت کی قبائلی اضلاع کی ترقی اور خوشحالی کیلئے غیر معمولی دلچسپی کا منہ بولتاثبوت ہے۔ جنوبی اضلاع کی ترقی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پشاور تا ڈی آئی خان موٹروے کی تعمیر سے تمام جنوبی اضلاع کوملکی شاہراہوں سے منسلک کر دیا جائے گاجس سے ان اضلاع میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو سکے گا۔ انہوںنے واضح کیاکہ موجودہ حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانا چاہتی ہے کیونکہ حقیقی ترقی اُس وقت تک ممکن نہیں جب تک صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی یقینی نہیں بنا دی جاتی ۔