News Details

08/02/2018

مشال کے قاتلوں کی موثر عدالتی پیروی اور اسماء قتل کیس میں پولیس کی مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مشال کے قاتلوں کی موثر عدالتی پیروی اور اسماء قتل کیس میں پولیس کی مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سے کوئی بھی بالا تر نہیں اور مظلوم کو انصاف دلانا اور ان کی داد رسی کرنا حکومت اپنا فرض اولین سمجھتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس مستعد اور پیشہ ور فورس ہے اور سیاسی دباؤ سے بالا تر ہو کر سائنسی بنیادوں پر تفتیش کو آگے بڑھاتی ہے۔ یہ بات آج انہوں نے نوشہرہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کیا ہے اور اس کیلئے مسلسل محنت اور جدوجہد کی ہے جس کی وجہ سے ادارے آج ڈیلیور کر رہے ہیں۔ انھوں نے مشال خان کے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پولیس کی شبانہ روز محنت شواہد اور بہتر تفتیش کی وجہ سے مشال کے قاتلوں کوقرار واقعی سزا کافیصلہ آیا۔ اسی طرح مردان کی معصوم بچی اسماء کے قاتل بھی گرفتار ہوئے یہ بھی پولیس کی بہتر کارکردگی کانتیجہ ہے۔ ہمارے سیاسی مخالفین نے ان دونوں واقعات کو اچھالنے کی کوشش کی۔ او رخیبرپختونخوا کی پیشہ ور پولیس فورس پر انگلیاں اٹھائی گئیں۔ مگر بہتر تفتیش اور شواہد کی روشنی میں اسماء کے قاتل بھی اپنے کیفر کردار کو پہنچیں گے۔ ہم انصاف پر مبنی معاشرے کیلئے کوشاں ہیں۔ امیر اور غریب کیلئے یکساں انصاف کی فراہمی ہماری منزل ہے۔یہ ہمارے منشور کا حصہ ہے۔مخالفین اپنا کام کرتے رہیں ہمیں پرواہ نہیں ہم خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں جو کسی کو ایک آنکھ نہیں بھاتی۔ ہمیں تباہ حال ادارے ورثے میں ملے لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری اور اداروں کو سیاست سے پاک کر صحیح سمت پر ڈالا جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کی کارکردگی کا سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ بلا خوف و خطر عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنا کام جاری رکھیں۔حکومت ان کی پشت پر کھڑی ہے۔انھوں نے کہاکہ کوہاٹ میں میڈکل کی طالبہ عاصمہ رانی قتل کیس پر بھی لوگ سیاست کررہے ہیں حقیقت یہ ہے کہ نہ تو صوبائی حکومت اور نہ ہی پی ٹی ائی کی قیادت اس معاملے میں مداخلت کرررہی۔ پولیس بااختیار ہے اور اس گھناونے جرم میں بھی مقتولہ کے ورثاء کو انصاف فراہم ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ قاتل کی گرفتاری کے لیے پولیس نے قانون کے مطابق کاروائی شروع کردی اور قاتل کے ریڈ ورنٹ حاصل کرکے ملزم کو گرفتار کیا جائے گا۔ اوراس کے لیے تمام وسائل بروکار لائے جائیں گے۔ عاصمہ رانی کے قتل کے واقعے پر مخالفین اپنی سیاست نہ چمکائیں خیبرپختونخوا کی حکومت ہمیشہ قانون اورانصاف کی بلادستی چاہتی ہے۔