News Details
20/02/2026
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے زیر صدارت گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت صوبائی محکموں کی سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے زیر صدارت گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت صوبائی محکموں کی سروس ڈیلیوری کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ حکام کی طرف سے اب تک مکمل شدہ اہداف اور جاری اقدامات پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات اور ضروریات کے عین مطابق بنانا صوبائی حکومت کا بنیادی اور حتمی مشن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے نفاذ میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ہدایت کی کہ تاخیر کا شکار امور کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے غیر روایتی مگر مو ¿ثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت جاری کی کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت مقررہ مڈٹرم اقدامات رواں سال جون تک ہر صورت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے موسم بہار شجرکاری مہم کو صوبے کی تاریخ کی سب سے بڑی اور منظم شجرکاری سرگرمی بنانے کے لیے تمام تر انتظامات بروقت مکمل کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ شجرکاری مہم میں سرکاری ملازمین، طلبہ اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے جبکہ سرکاری دفاتر اور سرکاری رہائش گاہوں میں بالخصوص پھل دار پودے لگانے کے عمل کو فروغ دیا جائے۔ اجلاس میں ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے مالیت کے ”روشن قبائل پیکج“ پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ مذکورہ پیکج کی تیاری اور حتمی خدوخال اسی ماہ مکمل کر کے قابلِ عمل شکل دی جائے تاکہ ضم اضلاع میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام صوبائی محکموں کو آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ کی تیاری کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ مزید برآں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت منظوری اور عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس ہفتہ وار بنیادوں پر منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی۔صحت کے شعبے سے متعلق وزیر اعلیٰ نے سرکاری اسپتالوں میں کنٹریکٹ ڈاکٹروں کی بھرتی کا عمل 5 مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح جنوبی اضلاع کے ڈی ایچ کیوز اور دیگر اضلاع کے ریجنل ڈی ایچ کیوز میں میموگرافی سروسز کے اجراءکے لیے فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے صوبہ بھر میں خراب اور غیر فعال ٹیوب ویلز کو ترجیحی بنیادوں پر فعال بنانے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ تعلیم کے شعبے میں وزیر اعلیٰ نے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو 90 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد یقینی بنانے پر زور دیا اور متعلقہ حکام کو اس حوالے سے مو ¿ثر نگرانی کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح امن و امان اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے امور کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کمراٹ اور ہنگو سروزئی روڈ پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، جبکہ انسدادِ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے احکامات بھی جاری کیے تاکہ مہم کو بلا رکاوٹ جاری رکھا جا سکے۔وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ ”احساس اپنا گھر پروگرام“ ہمارے قائد اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا وڑن ہے، اس اہم منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کیا جائے تاکہ مستحق خاندانوں کو رہائشی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 17 محکموں کے تحت مجموعی طور پر 327 انٹرونشنز کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے 47 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 139 پر پیشرفت منصوبہ بندی کے مطابق جاری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت 268 مائل اسٹونز مقرر کیے گئے ہیں جن میں سے 90 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ صرف 3 آف ٹریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ گڈ گورننس، شفافیت اور موثر سروس ڈیلیوری صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، تمام محکمے باہمی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کے جذبے کے ساتھ ان اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں۔