News Details
18/02/2026
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوامی ریلیف، معیاری اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخوں پر فراہمی کے لیے وضع کردہ پلان اور مستحق خاندانوں کے لیے رمضان پیکج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کیں کہ رمضان المبارک میں عوام کو ہر صورت ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ ناقابل برداشت ہے، اس لیے پرائس کنٹرول ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور خودساختہ نرخ کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے اور اس ضمن میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے ہر ضلع میں احساس رمضان دسترخوان قائم کیا جائے جبکہ خیبر پختونخوا کے تمام انٹری پوائنٹس پر بھی مسافروں کے لیے احساس رمضان دسترخوان کا بندوبست یقینی بنایا جائے، تاکہ صوبے میں داخل ہونے والے مسافروں کو سحری اور افطاری کی سہولت میسر ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے یہ بھی ہدایت کی کہ یتیم خانوں، دارالامان اور پناہ گاہوں میں سحری و افطاری کے لیے معیاری خوراک فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ احساس رمضان پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کو بارہ ہزار پانچ سو روپے فی خاندان دیے جا رہے ہیں اور ہدایت کی کہ رمضان پیکج کی تقسیم آٹھویں روزے تک ہر صورت مکمل کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے یتیموں، بیواؤں، مساکین اور خصوصی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران تمام سرکاری اسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹرز کی ہمہ وقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ روزے کی حالت میں کسی مریض کو علاج کے لیے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے انتظامات کی وہ خود نگرانی کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی اور صاف خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے آؤٹ آف دی باکس اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں 146 پرائس مانیٹرنگ ڈیسکس قائم کر دیے گئے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول کو مؤثر بنانے کے لیے 161 اضافی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں پرائس مانیٹرنگ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لیے اضافی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، جبکہ سبزی اور فروٹ منڈیوں میں بولی کے عمل کی تصاویر اور جی آئی ایس کورڈینیٹس کی سسٹم میں اپلوڈنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز کو ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے خصوصی اقدامات کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مستحق خاندانوں کو رمضان پیکج کے تحت مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے 12.8 ارب روپے منظور کیے گئے ہیں، جس کے تحت مجموعی طور پر 10 لاکھ 16 ہزار 394 خاندان مستفید ہوں گے۔ اجلاس میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، رکن صوبائی اسمبلی اکبر ایوب خان، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ریجنل کمشنرز اور صوبے کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔