News Details
05/02/2026
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خصوصی پیغام
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت ان کا بنیادی اور مسلمہ حق ہے جسے ریاستی جبر، تشدد اور طاقت کے زور پر کسی صورت دبایا نہیں جا سکتا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء سے لے کر آج تک کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم، جبری محاصرے اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں مگر اس کے باوجود ان کی جدوجہدِ آزادی، حوصلہ، استقامت اور قربانیاں دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ایک مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر فورم پر شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ بھارت جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہتا ہے، گزشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی جبر، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد کشمیری عوام پر مسلط کی گئی پابندیاں پوری عالمی برادری کے لیے لمح? فکریہ ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اقوامِ متحدہ، عالمی برادری اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں، کیونکہ خطے کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے عالمی فورمز پر جس جرات اور مو ¿ثر انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا وہ تاریخ کا روشن باب ہے، اور خیبر پختونخوا کی موجودہ صوبائی حکومت اسی وژن کے مطابق کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انشاءاللہ کشمیری عوام کی طویل اور پرامن جدوجہد ضرور رنگ لائے گی، اور وہ جلد آزادی، امن اور خوشحالی کے ساتھ ایک نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔