News Details
05/02/2026
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ انڈر 21 گیمز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ انڈر 21 گیمز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ ان گیمز میں صوبے کے سات ریجنز سے تعلق رکھنے والے تقریباً 5000 مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انڈر 21 گیمز کے تحت مردوں کے 38 جبکہ خواتین کے 18 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں میں جو جوش و جذبہ نظر آ رہا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مقابلے نہایت دلچسپ اور سنسنی خیز ہوں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید مقابلے منعقد کرے گی اور نوجوانوں کو بندوق کے بجائے کھیلوں کے میدانوں کی طرف راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم مکمل طور پر تیار ہے اور اس بار پاکستان سپر لیگ کے میچز کی میزبانی پشاور کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے تمام ٹیموں کو بھرپور مقابلے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام ٹیمیں قابل تحسین ہیں اور وہ سب کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ مثبت سرگرمیوں کے انعقاد اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبے کے بہترین ٹیلنٹ کو آگے لایا جائے گا تاکہ کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں میں بھی خیبر پختونخوا اور پاکستان کا نام روشن ہو۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی دکھانے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ انڈر 21 گیمز کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ تقریب میں آتش بازی جبکہ کھلاڑیوں کی جانب سے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔