News Details
05/02/2026
ضلع کرم کے مختصر دورے کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سنٹرل کرم میں دہشتگردی کے متاثرین کے کیمپ پہنچے
ضلع کرم کے مختصر دورے کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سنٹرل کرم میں دہشتگردی کے متاثرین کے کیمپ پہنچے، جہاں انہوں نے عارضی طور پر بے گھر افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے کرم میں آپریشن کے متاثرین کے لیے امدادی پیکیج 1لاکھ 10 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ 30 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ میزبان گھروں میں مقیم بے گھر افراد کو بھی امدادی پیکج فراہم کیا جائے گا۔ تمام متاثرین کو ضلع خیبر کے متاثرین کے طرز پر امداد فراہم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمیں مہذب قوموں کی طرح باہمی اور فرقہ وارانہ اختلافات بھلا کر ترقی پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔وزیر اعلیٰ نے قبائلی بے گھر افراد کے دوہرے پتے کے مسئلے کو حل کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے پیش کیے گئے تمام مطالبات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا اور انہیں ضلع خیبر کی طرز پر تمام امدادی پیکجز فراہم کیے جائیں گے۔
متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت متاثرین کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اپنے گھر بار چھوڑے ہیں اور ان کی قربانیوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ وزیر اعلیٰ نے کرم کے متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ علاوہ ازیں ، وزیر اعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صدہ کا بھی دورہ کیا اور اسے کیٹگری سی سے بی میں اپ گریڈ کرنے کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے صدہ اسپتال میں ایمرجنسی بلاک، مرغان روڈ (سنٹرل کرم) اور گورنمنٹ ڈگری کالج صدہ کے ریزیڈنشل بلاک کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔ صوبائی وزیر برائے ریلیف عاقب اللہ، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔