News Details

03/02/2026

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے اسلام آباد میں عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے ملاقات کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے اسلام آباد میں عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے ملاقات کی جس میں صحت، تعلیم و ہنر، معدنیات، توانائی اور کلائمیٹ رزیلینس کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبے کی ترقیاتی ترجیحات، جاری اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کے اشتراکی منصوبوں پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت عالمی بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، صوبے کی سماجی و معاشی ترقی میں عالمی بینک کا کردار نہایت اہم رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے تاکہ عام آدمی کو معیاری سہولیات اس کی دہلیز پر میسر آ سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنا رہی ہے اور صحت کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے سروس ڈیلیوری کو مو ¿ثر بنایا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے عالمی بینک کے صدر کو آگاہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں جلد ہی ”احساس ماں“ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت حمل کے مرحلے سے لے کر بچے کی پیدائش تک ماں اور بچے کی مکمل دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ بچی کی پیدائش کی صورت میں تین ماہ کی اضافی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے کی سو فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی شہری کو علاج معالجے سے محروم نہ رہنا پڑے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قدرتی آفات کے باعث خیبر پختونخوا کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے جس کے پیش نظر کلائمیٹ رزیلینس کے شعبے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے عمران خان کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ معدنیات کے شعبے میں مقامی آبادی کے مفادات کو پہلی ترجیح دی جا رہی ہے اور اس شعبے کو پائیدار ترقی کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ صوبے کو غذائی لحاظ سے خود کفیل بنانے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ جنوبی اضلاع میں بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے متعدد منصوبوں پر عملی کام جاری ہے۔ملاقات میں مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔