News Details

18/01/2026

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں ضلع ہری پور سے مانسہرہ تک منعقد ہونے والی ریلی کی قیادت کی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں ضلع ہری پور سے مانسہرہ تک منعقد ہونے والی ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے مختلف مقامات پر ریلی کے شرکاء اور استقبالیہ سے خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائد عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کی باقاعدہ تیاری کا حکم دے دیا ہے، اور اسی ہدایت کی تعمیل میں پورے ملک میں اس تحریک کی منظم تیاری جوش اور جذبے کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پیغام ملک کے کونے کونے تک پہنچایا جا رہا ہے اور اس اسٹریٹ موومنٹ کو اس کے عروج تک لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں ملک کا ہر شہر، ہر گاوں اور ہر چوک تحریک کا مرکز بنے گا، اور اس بار ہر چوک ہی ڈی چوک ہو گا جہاں عوام اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں گے۔ ضلع ہری پور میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہری پور کے عوام عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، مگر بدقسمتی سے ایک بار پھر عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر حملہ دراصل جمہوریت پر حملہ ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کیے گئے جہاں عمران خان کا پیغام براہ راست عوام تک پہنچایا گیا۔ کراچی، لاہور، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں عوام کی جانب سے جس جوش و جذبے اور وابستگی کا اظہار کیا گیا، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان آج بھی عوام کے دلوں کی آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ دعویٰ کر رہے تھے کہ عمران خان ختم ہو چکے ہیں، وہ آج دیکھ لیں کہ پورے ملک میں صرف عمران خان کا نام گونج رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قائد عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی جو جدوجہد شروع کی گئی ہے، وہ دن بدن مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ ہماری جدوجہد مضبوط جمہوریت، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا کی بحالی کے لیے ہے، اور اس مقصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے ہزارہ ڈویژن کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کے دوران عوام کی جانب سے جس والہانہ جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا گیا، وہ اس بات کا واضح اعلان ہے کہ عوام اس تحریک کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس اسٹریٹ موومنٹ کو کامیابی سے ہمکنار کر کے رہیں گے۔