News Details

16/01/2026

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی، کوئٹہ سے لاہور، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک ایک مضبوط نظریاتی رشتے میں جڑی ہوئی ہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی، کوئٹہ سے لاہور، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان تک ایک مضبوط نظریاتی رشتے میں جڑی ہوئی ہے اور یہی نظریاتی وحدت پارٹی کی اصل طاقت ہے۔انہوں نے یہ بات بلال محسود کی شہادت پر ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کے لیے کراچی آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بلال محسود کے اہلِ خانہ اور پاکستان تحریک انصاف کے تمام ورکرز کے ساتھ تعزیت کے لیے خیبر سے کراچی آئے ہیں، کیونکہ پارٹی کا ہر ورکر ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کا شریک ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کا کوئی ورکر شہید ہوتا ہے تو اس کا درد خیبر محسوس کرتا ہے، اور اگر خیبر میں کوئی سانحہ پیش آتا ہے تو کراچی اس کے غم میں شریک ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا نظریاتی ورکر پارٹی کی قیادت کے لیے ایک امانت ہے، اور عمران خان کی غیر موجودگی میں ورکر کو تنہا چھوڑنا نہ صرف اخلاقی ناکامی ہوگی بلکہ قوم اور قیادت دونوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائے گا۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی ورکرز کی قربانیوں کے باعث ہی اللہ تعالیٰ نے آج پارٹی کو یہ مقام عطا کیا ہے، اور ان کا پختہ ایمان ہے کہ جب تک ایک بھی نظریاتی ورکر اس تحریک کا حصہ ہے، عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک کمزور نہیں ہو سکتی بلکہ مزید مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بلال محسود کے تینوں بچوں کی تعلیم کی مکمل ذمہ داری پاکستان تحریک انصاف سندھ چیپٹر نے لے لی ہے، اور پارٹی بلال محسود کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑی رہے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی، آزاد عدلیہ اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دے رہی ہے، اور انشاءاللہ یہ جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔انہوں نے بلال محسود کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان ان کے ساتھ مرتے دم تک کھڑے رہیں گے۔