News Details

15/01/2026

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پولیس لائن ٹانک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پیر کے روز پیش آنے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پولیس لائن ٹانک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پیر کے روز پیش آنے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ نے یادگارِ شہداءپر سلامی پیش کی اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے علاقائی مشران اور شہدائے پولیس کے ورثاءسے ملاقات کی، ان سے اظہارِ یکجہتی کیا اور ان کے حوصلے، صبر اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں انہوں نے علاقائی عمائدین اور شہدائے پولیس کے ورثاءسے خطاب بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہی ہے اور پوری جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ امن دشمن عناصر کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس فورس کو درپیش مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے موثر، مربوط اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کی فلاح و بہبود، ادارہ جاتی مضبوطی اور استعدادِ کار میں بہتری صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور پولیس فورس کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے، تاہم وطن اور قوم کے اعلیٰ مقصد کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا سب سے بڑا اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ میں سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، پولیس، سیکیورٹی فورسز اور خیبر پختونخوا کے عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ملک میں امن کے قیام کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دیں اور ہر مشکل گھڑی میں قومی ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ جنگ ہماری نہیں تھی، تاہم اس کے باوجود خیبر پختونخوا گزشتہ دو دہائیوں سے مسلسل اس کے سنگین اثرات اور نقصانات برداشت کر رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مل کر 80 ہزار سے زائد شہداءپاکستان اور خطے میں امن کے لیے قربان کیے، جو ایک عظیم قومی قربانی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت خیبر پختونخوا شہدائے پولیس کے ورثاءکے ساتھ ہر سطح پر مکمل تعاون جاری رکھے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں حوصلے اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، کیونکہ وہ وقت دور نہیں جب خیبر پختونخوا میں پائیدار اور مکمل امن قائم ہوگا۔ اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور کمشنر ڈی آئی خان داود خان بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔