News Details

05/01/2026

وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا ٹرانسمشن اینڈ گرڈ سٹیشن کمپنی کو صوبائی حکومت کے ٹرانسمشن لائن کے جاری منصوبے کی مقررہ وقت میں معیاری اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی

وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا ٹرانسمشن اینڈ گرڈ سٹیشن کمپنی کو صوبائی حکومت کے ٹرانسمشن لائن کے جاری منصوبے کی مقررہ وقت میں معیاری اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت کے منصوبوں سے پیدا شدہ بجلی صنعتوں کو سستے نرخوں پر فراہم کی جائے گی جس سے صنعتوں کے فروغ سے معاشی استحکام بڑھے گا اور روزگار کے مواقع وسیع ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے خیبرپختونخوا پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کی فزیبیلٹی 6 ماہ میں مکمل کرنے اور ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ کے مسودے کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں خیبرپختونخوا ٹرانسمشن لائن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی بارے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبے میں پن بجلی کے جاری منصوبوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے درکار وسائل ہنگامی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ اجلاس میں پاور ٹرانسمشن لائن اور پن بجلی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ چار سالوں کے دوران پن بجلی کے جاری منصوبوں کی تکمیل سے 800 میگاواٹ بجلی دستیاب ہو گی۔ ٹرانسمشن لائن بارے بتایا گیا کہ مٹلتان پاور ہاوس سے چکدرہ گرڈ تک 120 کلومیٹر طویل ٹرانسمشن لائن بچھائی جا رہی ہے جبکہ ٹرانسمشن لائن منصوبے کے 40 کلومیٹر طویل لاٹ ون پر کام جاری ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 36 میگاواٹ درال خوڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مکمل اور فعال ہے جبکہ مجموعی طور پر 224 میگاواٹ استعداد کے حامل سات منصوبے فعال ہیں۔ 84 میگاواٹ گورکن مٹلتان منصوبے پر 87 فیصد پیش رفت ہے، دسمبر 2026 تک مکمل ہو گا جبکہ 95 میگاواٹ گبرال کالام، 215 میگاواٹ مدین ہائڈرو پاور پراجیکٹس 2027 میں مکمل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے ان میں غفلت یا غیر سنجیدگی ہر گز برداشت نہیں ہو گی،ہم نے اگلے الیکشن کا نہیں بلکہ اگلی نسل کا سوچنا ہے۔