News Details
04/01/2026
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے زیر انتظام دو روزہ صحت آگہی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے زیر انتظام دو روزہ صحت آگہی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جہاں سو فیصد آبادی کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ پنجاب میں عمران خان کے شروع کردہ مفت علاج کے پروگرام کو ختم کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت کی ترجیحات اور اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نیوٹریشن کے شعبے کے لیے وسائل میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم براہ راست عوامی فلاح سے جڑے شعبے ہیں، ان پر ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ نظام کو اکیلے نہیں بدلا جا سکتا، سب کو مل کر ذمہ داری ادا کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلانا ضروری ہے کیونکہ ذمہ داری سے انحراف بھی کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت گورننس اور سروس ڈیلیوری کے مجموعی نظام کو مو ¿ثر اور شفاف بنا رہی ہے تاہم سماجی خدمات کے شعبوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور فسطائیت کے نظام میں صرف سڑکیں بنتی ہیں، قومیں نہیں بنتیں۔ قومیں اس وقت بنتی ہیں جب امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون اور عدل و انصاف کا نظام ہو۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ امیر و غریب کے لیے الگ الگ نظام کے خاتمے کی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔ عمران خان کے ساتھ شروع کی گئی جدوجہد آج بھی پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو اقبال اور قائد اعظم کے خوابوں کے مطابق حقیقی معنوں میں مضبوط ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جرات اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حصے کی جنگ لڑ چکی ہیں، اب وہ ہمارے حصے کی جنگ لڑ رہی ہیں۔