News Details

03/01/2026

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے شہریوں کی شکایات کے براہ راست اور فوری ازالے کے لیے ایک منفرد اقدام کے تحت “آپ کا وزیر اعلیٰ آپ کے ساتھ” کے عنوان سے آن لائن کھلی کچہریوں کے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے شہریوں کی شکایات کے براہ راست اور فوری ازالے کے لیے ایک منفرد اقدام کے تحت “آپ کا وزیر اعلیٰ آپ کے ساتھ” کے عنوان سے آن لائن کھلی کچہریوں کے سلسلے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے کی پہلی آن لائن کھلی کچہری وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ضلع باجوڑ کے لیے منعقد کی گئی۔ آن لائن کھلی کچہری کے دوران وزیر اعلیٰ نے شہریوں کے مسائل براہ راست سنے اور متعدد شکایات پر موقع پر ہی متعلقہ حکام کو واضح اور فوری احکامات جاری کیے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کو چودہ دنوں کے اندر حل کر کے باقاعدہ رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدام بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن “آپ کا وزیر اعظم آپ کے ساتھ” کے پیٹرن پر شروع کیا گیا ہے تاکہ عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم ہوں اور مسائل کا حل براہ راست ممکن بنایا جا سکے۔ تعلیم کے شعبے سے متعلق شکایات سنتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کے تناسب سے متعلق پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ چالیس طلبہ پر ایک استاد صوبائی معیار ہے اور اس پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ سکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی اور عملے کی عدم موجودگی سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کا حکم دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی کابینہ سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کے لیے فنڈز کی منظوری دے چکی ہے اور صوبہ بھر میں اس حوالے سے عملی اقدامات جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تعلیمی اداروں میں سیکنڈ شفٹ اساتذہ کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور کم سے کم ماہانہ تنخواہ سے متعلق پالیسی کے مکمل نفاذ کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ کی تنخواہیں ہر ماہ یکم تاریخ کو براہ راست ان کے اکاو ¿نٹس میں منتقل ہونی چاہئیں اور کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسلام ہمیں مزدور کا معاوضہ پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کرنے کا حکم دیتا ہے۔ٹرانسپورٹ کے شعبے سے متعلق وزیر اعلیٰ نے صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ میں سواریوں کی مقررہ تعداد اور کرایہ ناموں پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔ صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنانے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مو ¿ثر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ہسپتالوں کے اچانک دورے کریں اور شکایات پر بلا تاخیر کارروائی یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے سابق فاٹا گیمز کی بحالی کے حوالے سے واضح کیا کہ قبائلی نوجوانوں کو کھیلوں میں بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ضلع باجوڑ میں لنک روڈز کی بحالی، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی خدمات سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ آن لائن کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جس طرح عمران خان قوم کا درد رکھتے ہیں اسی طرح آپ کا وزیر اعلیٰ بھی آپ کے ساتھ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ضلع باجوڑ کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ چودہ ہزار افراد صحت انصاف کارڈ کے تحت مفت علاج کی سہولت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے پر مشتمل جامع ترقیاتی پیکیج حتمی مراحل میں ہے جو ان علاقوں کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔