News Details

25/12/2025

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں قائداعظم محمد علی جناح کی دانشمندانہ قیادت کو خراجِ عقیدت پیش

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کے قیام کے سلسلے میں قائداعظم محمد علی جناح کی دانشمندانہ قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی قیادت میں مسلم رہنماوں کی انتھک جدوجہد کے نتیجے میں مملکتِ خداداد پاکستان معرضِ وجود میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا، سلامتی، ترقی اور خوشحالی ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم کے زریں اصول"ایمان، اتحاد اور تنظیم" کو اپنی زندگی کا شعار بنا کر ہی ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت کے مسلم مخالف اور جارحانہ رویے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ درست، بروقت اور ناگزیر تھا، اور پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے مسائل کا واحد اور مستقل حل تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے وطن کی بقا اور سلامتی کے لیے ماضی میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا اور آئندہ بھی وطنِ عزیز کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے آبا و اجداد اور اسلاف کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا، جس کا اصل مقصد ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا، اور آج اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم بانیانِ پاکستان کے وژن کے مطابق اس ملک کو حقیقی معنوں میں ایک آزاد، خودمختار اور عظیم فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں"ایمان، اتحاد اور تنظیم" کی روشنی میں عملی اقدامات کر رہی ہے اور ان اصولوں کو محض نعرے کے بجائے حکومتی پالیسیوں اور طرزِ حکمرانی کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قانون کی بالادستی، شفافیت، میرٹ، سماجی انصاف اور عوامی فلاح کے فروغ کے لیے ٹھوس اور عملی اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ اس فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی جا سکے جس کا خواب بانیِ پاکستان نے دیکھا تھا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت قائداعظم کے وژن کے مطابق ایک منصفانہ، پرامن اور خودمختار معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں نظامِ عدل و انصاف اور قانون کی بالادستی کے بغیر کوئی بھی ریاست اپنے پاو ¿ں پر کھڑی نہیں رہ سکتی۔ اگر ہم وطنِ عزیز پاکستان کو واقعی ایک عظیم اور خودمختار ملک بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی ترجیحات کا ازسرِنو تعین کرنا ہو گا اور ملک کی بقا، سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ <><><><><> ینڈ آوٹ نمبر426۔پشاور۔24 دسمبر2025 کرسمس کے موقع پروزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمد سہیل آفریدی کا پیغام وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتیں پاکستان کے سماجی اور معاشی ڈھانچے کا ایک اہم اور قابلِ قدر حصہ ہیں اور ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور انسانی وقار پر خصوصی زور دیتا ہے، اور اسلامی تعلیمات کے مطابق غیر مسلم شہریوں کے جان و مال، عبادت گاہوں اور مذہبی آزادی کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین بھی انہی اصولوں کی عکاسی کرتا ہے، اور صوبائی حکومت اسلامی اقدار اور آئینی تقاضوں کی روشنی میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ مسیحی برادری نے خیبر پختونخوا کی ترقی میں بالخصوص تعلیم، صحت اور سماجی خدمت کے شعبوں میں نمایاں اور قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں باعزت اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی اور مساوی مواقع ایک پُرامن اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہیں، اور صوبے میں بسنے والے تمام شہری برابر کے حقوق اور عزت کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے لیے امن، خوشحالی اور سلامتی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے ساتھ مل کر ایک پُرامن، ہم آہنگ اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔