News Details

25/12/2025

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے عہدیداران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور اس کی ذیلی تنظیمیں ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرتی آئی ہیں اور یہی ہماری سیاست کی بنیاد اور پہچان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے اور اس حق کو مکمل نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، جس کے لیے منظم اور جامع تیاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جذبات کے بجائے نظم، شعور اور تنظیم پر توجہ دیں اور واضح کیا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد ایک سنجیدہ، مسلسل اور منظم عمل ہے جس کے لیے ہر سطح پر تیاری ضروری ہے۔ محمد سہیل آفریدی نے انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واحد طلبہ تنظیم ہے جس نے ہمیشہ پ ±رامن، مہذب اور آئینی جدوجہد کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دھرنے، احتجاج اور جلسے ہوئے، مگر انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا ریکارڈ اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ اس پلیٹ فارم سے کبھی تشدد، بدتمیزی یا غیر آئینی اقدام نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ موومنٹ کی کامیابی کا دار و مدار مضبوط تنظیمی ڈھانچے پر ہے۔ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کو ہدایت کی گئی کہ ہر یونیورسٹی، کالج اور تعلیمی ادارے میں تنظیموں کو مکمل اور فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی اصل طاقت نچلی سطح سے ابھرتی ہے اور تنظیمی تیاری وارڈ، یونین کونسل اور ضلعی سطح تک مکمل ہونی چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک دشمن اور کرپٹ سیاسی قوتوں نے اقتدار کے حصول کے لیے ریاستی اداروں، جمہوریت اور عدالتی نظام کو نقصان پہنچایا اور ملک میں غلط سیاسی کلچر اور انتشار کی سیاست کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر نوجوانوں کو گمراہ کرنے، ان میں انتشار پھیلانے اور انہیں اصل مقصد سے ہٹانے کی کوششیں جاری رکھیں گے، اس لیے نوجوانوں کو منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہتے ہوئے اپنی جدوجہد کا فوکس واضح رکھنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اس کے برعکس ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے حق کی بات کی ہے اور حقیقی آزادی کی جدوجہد بھی مکمل نظم و ضبط اور آئینی تقاضوں کی پاسداری کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نظم، اتحاد اور مثبت کردار کے ذریعے تحریک کو مزید مضبوط بنائیں اور عمران خان کی اگلی کال تک ہر سطح پر مکمل تیاری کو اپنا ہدف بنائے رکھیں۔ قبل ازیں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے انصاف ڈاکٹرز فورم کے کثیر رکنی وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں شعبہ صحت کی مجموعی بہتری، درپیش چیلنجز اور مستقبل کی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب بیڈز، طبی سہولیات کی موجودہ استعداد، انسانی وسائل، جدید آلات کی فراہمی اور بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں مستقبل کے تقاضوں پر غور کیا گیا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کی جانب سے پانچ ہزار بیڈز پر مشتمل جدید میڈیکل کمپلیکس کے قیام کے عزم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے صوبے میں صحت کے نظام میں دیرپا بہتری کا باعث بنیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وڑن کے مطابق صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترجیح دے رہی ہے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو مقامی سطح پر معیاری علاج کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ بڑے ہسپتالوں پر دباو ¿ کم ہو اور مریضوں کو بروقت علاج میسر آ سکے۔ محمد سہیل آفریدی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی بحالی، اپ گریڈیشن اور خدمات کے معیار میں بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو جائزہ اجلاس طلب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پالیسی اصلاحات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور طبی عملے کی فلاح و بہبود کے اقدامات کے ذریعے صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنائے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہم سب نے مل کر صحت عامہ سے متعلق عمران خان کے وژن کو عملی شکل دینی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈاکٹرز اور اساتذہ معاشرے کے اہم ستون ہیں اور ان سے توقعات بھی اسی تناسب سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز معاشرے کے لیے مسیحا کا کردار ادا کرتے ہیں اور عوام کی صحت ایک مقدس امانت ہے، جس کے تحفظ اور بہتری کے لیے حکومت اور طبی برادری کے مابین تعاون نہایت اہم ہے۔