News Details
12/11/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے کورسز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے کے سرکاری سکولوں میں چھٹی جماعت سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کے کورسز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے اور محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے اور مطلوبہ وسائل ہنگامی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد سہیل آفریدی نے سرکاری سکولوں میں اے آئی کے کورسز متعارف کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی معیشت، تعلیم، صحت اور انتظامی نظام میں مصنوعی ذہانت کا کردار مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ صوبے کے بچوں اور نوجوانوں کو اے آئی کی تعلیم دینا دراصل انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانا ہے۔ مصنوعی ذہانت کی تعلیم سے نوجوانوں میں تخلیقی سوچ اور عالمی معیار کی مہارتیں پیدا ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے نئی آسامیاں تخلیق کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری یقینی اور نتائج کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی وزیر تعلیم اور محکمہ تعلیم کے حکام کو سرکاری سکولوں کے اچانک دورے کرنے اور کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں غفلت برتنے والے ملازمین کو عہدوں سے فارغ کیا جائے۔ مزید برآں ، محمد سہیل آفریدی نے سرکاری سکولوں کے طلبہ کو فراہم کی جانے والی ٹیکسٹ بکس کی پرنٹنگ و اشاعت سرکاری پرنٹنگ پریس سے کرانے کی ہدایت کی جبکہ محکمہ تعلیم کے ذیلی اداروں بشمول تعلیمی بورڈز کے تحت پرنٹنگ اور اسٹیشنری کی خریداری کے لیے ٹینڈرز سے متعلق انکوائری کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم سے گرلز گائیڈ فنڈ اور سکاو ¿ٹس فنڈ سے متعلق تفصیلی ڈیٹا فراہم کرنے اور ان فنڈز کو اسٹریم لائن کرنے کے لیے میکینزم تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاو ¿ہ محمد سہیل آفریدی نے اساتذہ کی پوسٹنگ ٹرانسفر ، لیو انکیشمنٹ، پروموشن سمیت تمام امور ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے اساتذہ کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے سکولوں میں فراہم کی جانی والی سکالرشپس کو بھی ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کو محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے انتظامی معاملات ، ترقیاتی منصوبوں ، مجموعی بجٹ، ذیلی اداروں اور ان کے فرائض بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاءکو بتایا گیا کہ رواں مالی سال محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں11 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب ، سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد خالد اور محکمہ تعلیم کے دیگر اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔