News Details
11/11/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عوامی خدمات کے مراکز کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز صوبائی دارالحکومت پشاور کے پشتخرہ اور تاتارا تھانوں کا اچانک دورہ کیا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے عوامی خدمات کے مراکز کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز صوبائی دارالحکومت پشاور کے پشتخرہ اور تاتارا تھانوں کا اچانک دورہ کیا اور حوالات میں قید ملزمان سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ محمد سہیل آفریدی نے پشتخرہ تھانے میں قائم ڈِسپیوٹ ریزولوشن کونسل (DRC) کا بھی معائنہ کیا اور ڈی آر سی کے فیصلوں پر موثر عمل درآمد اور انہیں قانونی حیثیت دینے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت۔ اس کے علاوہ محمد سہیل آفریدی نے پشتخرہ تھانے میں سولر سسٹم، سی سی ٹی وی کیمروں، بلٹ پروف گاڑی اور تھرمل کیمروں کی فراہمی کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت تھانوں کی تمام ضروریات بروقت پوری کرے گی تاکہ عوامی سہولت کو یقینی بنایا جائے۔ عوامی خدمات کے مراکز کے اچانک دوروں کا مقصد ان مراکز کا بذات خود جائزہ لے کر انہیں بہتر بنانا ہے۔ تھانہ تاتارا کے دورے کے موقع پر وزیر اعلی نے شکایت کنندہ سے براہ راست رابطہ کر کے شکایت کی صورتحال بھی معلوم کی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ عوامی خدمات کے مراکز میں شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ہم ان کی خدمت کے لیے اداروں میں بیٹھے ہیں اسے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم عوامی لوگ ہیں، عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے۔