News Details

10/11/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ انتظامیہ و عملہ اور پبلک سروس کمیشن کے حکام کو جنوری 2026 میں پراونشل منیجمنٹ سروس ( پی ایم ایس ) کی نئی آسامیوں کا اعلان یقینی بنانے کی ہدایت کی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے محکمہ انتظامیہ و عملہ اور پبلک سروس کمیشن کے حکام کو جنوری 2026 میں پراونشل منیجمنٹ سروس ( پی ایم ایس ) کی نئی آسامیوں کا اعلان یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ایم ایس کی آسامیاں مشتہر کرنے کے لیے ابھی سے ہوم ورک شروع کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے پبلک سروس کمیشن کے تحت امتحانات سمیت تمام امور کی ڈیجیٹائزیشن کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ، شفافیت اور ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے اصلاحات پر عمل کر رہی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور ڈیجیٹائزیشن سے کارکردگی اور شفافیت دونوں یقینی بنائی جائیں گی۔ " ہم غیر ضروری انسانی مداخلت اور سفارشی کلچر ختم کرنے کے لیے تمام اُمور ڈیجیٹائز کر رہے ہیں۔ عوام کی سہولت کے لیے حکومت پبلک سروس کمیشن کی ضرویات ترجیحی بنیادوں پر پوری کرے گی"۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پبلک سروس کمیشن کو مزید مضبوط اور موثر ادارہ بنانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے گا۔ محمد سہیل آفریدی نے پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں کا عمل بھی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کا عمل تیز اور میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے آوٹ آف باکس پالیسی اپنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کمیشن کے تحت روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہونے والے انٹرویوز کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کو پبلک سروس کمیشن کے افعال، کارکردگی اور مسائل بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سال 2022 سے اکتوبر 2025 تک مختلف صوبائی محکموں میں بھرتی کے لیے پبلک سروس کمیشن کے تحت کل25اشتہار جاری کیے گئے جبکہ 6917 آسامیاں مشتہر کی گئیں۔ 434ابیلیٹی ٹیسٹس لیے گئے جبکہ 17 مقابلے کے امتحانات منعقد کئے گئے ہیں جبکہ 6286اُمیدوروں کی بھرتی کے لیے سفارش کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ اراکین مینا خان آفریدی ، آفتاب عالم، مزمل اسلم، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور چیئرمین پبلک سروس کمیشن شریک ہوے۔