News Details
02/11/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے کی امن و امان کی مجموعی صورتحال کے تناظر میں تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور امن و امان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان، جماعتِ اسلامی کے سراج الحق، مسلم لیگ (ن) کے امیر مقام، قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیرپاو اور پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد علی شاہ باچا سے تفصیلی گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی کی اِن ہاوس کمیٹی کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر مشتمل جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں صوبے میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اس حوالے سے اسپیکر صوبائی اسمبلی کی جانب سے تمام قائدین کو باضابطہ طور پر مدعو کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں امن کے قیام پر کوئی دو رائے نہیں، امن و استحکام خیبر پختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے مگر صوبے کا امن ہم سب کا مشترکہ ہدف ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کے تحفظ اور صوبے میں استحکام کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔