News Details

30/10/2025

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ کو باضابطہ طور پر ایک خط لکھا ہے

وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ کو باضابطہ طور پر ایک خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی اجازت سے متعلق عدالت کے حکم نامے کی تصدیق شدہ نقل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ اپنے خط میں وزیرِ اعلیٰ نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی جیل حکام کو ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت جاری کر چکی ہے، تاہم عدالت کے واضح حکم کے باوجود جیل انتظامیہ نے انہیں پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت کے حکم نامے کی تصدیق شدہ نقل حاصل کرنے کے لیے باضابطہ درخواست پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہے، مگر تاحال نقل فراہم نہیں کی گئی، عدالت کے حکم کی تصدیق شدہ کاپی حاصل کرنا ان کے لیے نہایت ضروری ہے تاکہ عدالت عالیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی جا سکے۔ خط میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ خط کے مطابق، "قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھانے کے لیے عدالت کے حکم نامے کی تصدیق شدہ کاپی فوری طور پر درکار ہے۔"