News Details

29/07/2025

صوبائی حکومت نے سرکاری امور کو پیپر لیس بنانے کی طرف اہم پیشرفت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی منظوری کے لئے بھیجے جانے والے سمریوں کو ای۔سمری پر منتقل کردیا۔

وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل گورننس کے شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ صوبائی حکومت نے سرکاری امور کو پیپر لیس بنانے کی طرف اہم پیشرفت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی منظوری کے لئے بھیجے جانے والے سمریوں کو ای۔سمری پر منتقل کردیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پہلی باضابطہ ای۔سمری پر دستخط کردیے جو گزشتہ روز وزیر اعلیٰ کو آن لائن سسٹم کے ذریعے موصول ہوئی تھی جس پر وزیر اعلیٰ نے ڈیجیٹل دستخط ثبت کردیے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ای۔ سمری کا اجراءدفتری امور اور فائل ورک کو پیپر لیس بنانے کی طرف اہم پیشرفت ہے، اگلے مرحلے میں ڈیجیٹل نوٹ پارٹ کا بھی اجراءکیا جا رہا ہے اور سرکاری مراسلوں، اعلامیوں اور حکم ناموں کو بھی ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، اسی طرح صوبائی کابینہ کے اجلاسوں کے لئے ورکنگ پیپرز سمیت دیگر امور کو ای۔ سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ وسائل کے ضیاع کو بھی روکا جا سکے گا، سرکاری محکموں کے استعداد کار میں بہتری آئے گی، دفتری امور میں شفافیت یقینی ہوگی اور سرکاری امور نمٹانے میں تاخیری حربوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت سرکاری امور کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے پر کام کر رہی ہے، اس مقصد کے لئے ڈیجیٹل گورننس روڈ میپ کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ موجودہ صوبائی حکومت متعدد عوامی خدمات کو پہلے ہی ڈیجیٹائز کر چکی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کو ڈیجیٹل خیبر پختونخوا بنایا جائے گا۔