News Details
24/07/2025
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پشاور کے علاقوں حیات آباد اور یونیورسٹی ٹاون کا دورہ کیا
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پشاور کے علاقوں حیات آباد اور یونیورسٹی ٹاون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ نے چھ کلومیٹر طویل حیات آباد جاگنگ اور سائیکل ٹریک کا افتتاح کیا۔ خیبرپختونخوا کے اپنے نوعیت کے پہلے جاگنگ اور سائکل ٹریک کے ہر ایک کلومیٹر پر آرام گاہیں قائم کی گئی ہیں۔ ان آرام گاہوں میں واش رومز، اوپن جم، ٹینس کورٹ، بیڈمنٹن کورٹ، والی بال، باسکٹ بال کورٹ، گزیبو اور اسکیٹنگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے یونیورسٹی روڈ پر زو روڈ کے ساتھ مارخور چوک، ٹاون چوک میں فیچر وال، اقراءچوک میں فیچر وال اور تاریخی ایگریکلچر انسٹیٹیوٹ کی تزئین و آرائش اور تاریخی حیثیت کی بحالی کا افتتاح بھی کر دیا گیا۔ پشاور اپ لفٹ پروگرام پانچ ارب روپے سے زائد کی لاگت سے شروع کیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت یونیورسٹی روڈ، یونیورسٹی ٹاون اور یونیورسٹی روڈ انٹرسیکشن سے چڑیا گھر تک پلوسی روڈ کے بیوٹیفکیشن ورکس پر کام جاری ہے۔ منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پشاور ہم سب کا شہر اور صوبے کا چہرہ ہے، اس کو خوبصورت سے خوبصورت بنائیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پشاور کی خوبصورتی اور اپ لفٹ کے لیے ایک جامع پروگرام پر کام جاری ہے، پشاور شہر کو ایک ماڈل صوبہ بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، پشاور میں وہ تمام کام کریں گے جو بحیثیت دارالخلافہ اس کا حق بنتا ہے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے لئے ہدف مقرر کیا ہے کہ وہ اپنے دور میں گزشتہ تین ادوار کے برابر ترقیاتی کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، رنگ روڈ اور ناردرن بائی پاس کے مسنگ لنکس پر کام ہو رہے ہیں۔ اسی طرح جنوبی اضلاع سے آنے والی ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے بڈھ بیر سے جی ٹی روڈ تک سڑک کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ وزیر اعلی نے مزید کہا کہ پشاور میں نکاسی کے مسائل کو حل کرنے پر بھی کام جاری ہے۔