News Details

22/07/2025

خیبر پختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، وزیر اعلیٰ کی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

خیبر پختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، وزیر اعلیٰ کی تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبہ بھر، بالخصوص سیاحتی اضلاع کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس، بلدیات، آبپاشی، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکاروں کی فیلڈ میں ہمہ وقت موجودگی یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی آفات، خصوصاً سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر موجود سیاحوں کو موسمی حالات اور ممکنہ خطرات کے بارے میں بروقت آگاہی دی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ یا بارشوں کی وجہ سے بند ہونے والی سڑکوں کو فوری طور پر کھولنے کے لئے درکار مشینری کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ اضلاع کی سطح پر قائم مراکز صحت میں ضروری عملے اور ادویات کی ہمہ وقت دستیابی کے لئے بھی جامع اقدامات کئے جائیں۔علی امین گنڈاپور نے تمام اضلاع میں ایمرجنسی کنٹرول رومز کو چوبیس گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کے افسران ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ضلعی سطح پر موثر کوآرڈینیشن کا مربوط نظام وضع کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت اور موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مون سون بارشوں سے متعلق پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔