News Details

11/07/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کمیٹی کا آٹھواں اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کمیٹی کا آٹھواں اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تین اہم منصوبوں کے ٹرانزیکشن اسٹرکچرز کی اصولی منظوری دی گئی۔ ان منصوبوں میں گھنول انٹیگریٹڈ ٹوارزم زون، درابن اسپیشل اکنامک زون اور پی ڈی اے کمرشل کمپلیکس شامل ہیں۔ صوبائی کابینہ اراکین آفتاب عالم آفریدی ایڈووکیٹ ، ارشد ایوب خان اور مزمل اسلم کے علاوہ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اکرام اللہ خان، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور کمیٹی کے دیگر اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گھنول انٹیگریٹڈ ٹوارزم زون پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ فریم ورک کے ڈیزائن بلڈ، آپریٹ اور ٹرانسفر ماڈل کے تحت قائم کیا جائے گا۔ٹوارزم زون کا ابتدائی لیز دورانیہ 50 سال کا ہوگا مگر اس میں مزید 50 سال کے لیے توسیع کا آپشن بھی موجود ہوگا۔ مزید برآں ، گھنول انٹیگریٹڈ ٹوارزم زون سے حاصل ہونے والی آمدن کی خیبر پختونخوا حکومت اور پرائیویٹ پارٹنر کے مابین تقسیم کے لیے میکینزم تیار کیا جائے گا۔ گھنول انٹیگریٹڈ ٹوارزم زون کے قیام سے علاقے میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ معاشی و سماجی ترقی بھی ہوگی۔ اسی طرح صوبے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ بھی یقینی ہوگا۔ شرکائ کو بتایا گیا کہ ٹوارزم زون میں سیاحتی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر درکار تمام لوازمات فراہم کیے جائیں گے۔ درابن اسپیشل اکنامک زون بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ درابن اسپیشل اکنامک زون کا مجموعی رقبہ ایک ہزار ایکڑ ہے جس میں 722 ایکڑ صنعتی جبکہ 14.26 ایکڑ کمرشل ہوگا۔ اسے تین مرحلوں میں قائم کیا جائے گا جس کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 18 ار روپے زائد لگایا گیا ہے۔ درابن اسپیشل اکنامک زون کے قیام سے بلا واسطہ 40,000 جبکہ بلواسطہ ایک لاکھ بیس ہزار روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے صوبے میں صنعتی، سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کےلئے سنگ میل ثابت ہونگے، صوبائی حکومت معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ صوبے میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے سازگار ماحول موجود ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت کو یقینی بنایاجائے اور سرمایہ کاروں کی بھر پور حوصلہ افزائی اور انہیں اعتماد دینے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے موجودہ نظام میں اصلاحات تجویز کی جائیں۔