News Details
24/05/2025
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہزارہ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہزارہ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ہزارہ ڈویژن کے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی اور ہزارہ ڈویژن کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ ڈویژنل انتظامیہ کے اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا۔ علی امین گنڈاپورکا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کو عملی جامہ پہنانا ضروری تھا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ضلع کا درجہ ملنے سے آلائی کی پسماندگی اور لوگوں کے مسائل کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے بجٹ میں آلائی کو ضلع بنانے کے لئے درکار فنڈز مختص کئے جائیں۔بٹگرام کے منتخب عوامی نمائندوں نے وزیر اعلی کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ آلائی کو ضلع کا درجہ دینا علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی اشد ضرورت تھی، اس فیصلے پر علاقے کے عوام کی طرف سے وزیر اعلی کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔