News Details
20/05/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت یونیورسٹی آف سوات کی سینیٹ کا 10 واں اجلاس پیر کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت یونیورسٹی آف سوات کی سینیٹ کا 10 واں اجلاس پیر کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حکام اور سینیٹ کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف سوات کی سالانہ رپورٹ برائے سال 24-2023 پیش کی گئی جبکہ سینیٹ کے گزشتہ اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں یونیورسٹی آف سوات اسٹیٹیوٹس 2024 کے مسودے پر غور وخوص کے بعد اسے متعلقہ کمیٹی کو ریفر کردیا گیا۔ یونیورسٹی آف سوات کےلئے اسٹریٹیجک پلان 30-2024 بھی اجلاس میں پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے مذکورہ پلان کو مزید بہتر بنانے کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں قائم ٹاسک فورس کو بھیجنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں دی جانے والی اسکالرشپس میں تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے تمام شعبوں کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے اسکالرشپس فنڈ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ طلبہ کو سکالرشپس فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری جامعات میں ان شعبوں پر زیادہ سرمایہ کاری کی جائے جن میں طلبہ کے داخلوں کا رجحان زیادہ ہے، اسی طرح سرکاری جامعات میں ان مضامین اور شعبوں کو فروع دیا جائے جن کی مارکیٹ ڈیمانڈ زیادہ ہے۔ علی امین گنڈاپور نے صوبائی حکومت کے احساس روزگار پروگرام کے تحت کاروباری قرضوں میں یونیورسٹی گریجویٹس کے لئے کوٹہ مختص کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یونیورسٹی گریجویٹس صوبائی حکومت کی اس اسکیم سے بہتر انداز میں استفادہ کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو سوات یونیورسٹی میں ہوٹل منیجمنٹ کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات اٹھانے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبے کی 10 جامعات میں فٹسال کی سہولت فراہم کرنے کےلئے منصوبے تجویز کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یونیورسٹی آف سوات میں گیسٹ ہاوس، آڈیٹوریم اور گرلز ہاسٹلز میں انڈور جمنازیم کی تعمیر کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وائس چانسلر کی جانب سے سینیٹ اجلاس کو یونیورسٹی آف سوات کی گذشتہ تین سالوں کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف سوات میں اس وقت 9059 طلبہ بی ایس پروگرام میں زیر تعلیم ہیں ، ایم فل اور ایم ایس پروگرام میں 756 جبکہ پی ایچ ڈی پروگرام میں 315 سکالرز زیر تعلیم ہیں۔اسی طرح یونیورسٹی آف سوات سے ملحقہ کالجز میں 18 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹائمز ہائیر ایجوکیشن رینکنگ میں یونیورسٹی آف سوات کا صوبے میں دسواں نمبر ہے۔ یونیورسٹی آف سوات کے مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ روابط قائم کے گئے ہیں۔