News Details
04/05/2025
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر خصوصا خیبر پختونخوا کے صحافیوں کو زبردست خراج تحسین
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر خصوصا خیبر پختونخوا کے صحافیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کے لئے صحافی برادری کا کردار لائق تحسین ہے، خیبر پختونخوا کے صحافی انتہائی نامساعد حالات کے باوجود اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام اور فورسز کے ساتھ ساتھ یہاں کے صحافیوں نے بھی بڑی قربانیاں دی ہیں، فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں کھونے والے صحافیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آزادی صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے میں جمہوریت اور جمہوری اقدار کی مضبوطی کے لئے آزاد صحافت کا کردار مسلمہ ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد جمہوریت کی استحکام کے لئے آزاد صحافت کی اہمیت اور ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، ہماری حکومت میڈیا کی مثبت تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کرتی ہے، ہم میڈیا کی مثبت تنقید کی روشنی میں اصلاح احوال کے لئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ تنقید برائے اصلاح کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں کو بھی اجاگر کرے، میڈیا حکومت کی کمزوریوں کی نشاندہی ضرور کریں لیکن ذمہ دارانہ صحافت کے اصولوں کا پاس رکھے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ہم صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔