News Details
20/03/2025
خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف ایک انقلابی اور تاریخی قدم کے طور پر صوبے میں ہر قسم کے لین دین اور کاروباری ادائیگیوں کےلئے یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے اجراءکا فیصلہ کیا ہے۔"کیش لیس خیبر پختونخوا" کے برانڈ نام یونورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عملدرآمد کےلئے اسٹریٹجی تیار کر لی گئی ہے
خیبرپختونخوا حکومت نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف ایک انقلابی اور تاریخی قدم کے طور پر صوبے میں ہر قسم کے لین دین اور کاروباری ادائیگیوں کےلئے یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے اجراءکا فیصلہ کیا ہے۔"کیش لیس خیبر پختونخوا" کے برانڈ نام یونورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عملدرآمد کےلئے اسٹریٹجی تیار کر لی گئی ہے جس کے تحت مختلف محکموں، اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ٹائم لائنز کے ساتھ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ اس سسٹم کے تحت ہر قسم کے چھوٹے بڑے کاروبار اور نجی و سرکاری لین دین کےلئے آن لائن ادائیگی لازمی ہوگی۔اس سسٹم کے نفاذ سے کاروباری لوگوں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی ادائیگیوں کے عمل میں سہولت ہوگی۔ خیبر پختونخوا کیش لیس سسٹم متعارف کروانے والا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا۔یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ کا یہ سسٹم آن لائن ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنے والے موبائل کمپنیوں کے اشتراک سے قائم کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا یہ نظام آف لائن بھی کام کرے گا۔اس سسٹم پر عملدرآمد کےلئے ویلیج کونسلز کی سطح پر چھوٹے بڑے تمام دوکانوں، اسٹالز، ریڑھیوں وغیرہ کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ کیش لیس خیبر پختونخوا پروگرام کے تحت تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ کےلئے کیو آر کوڈ آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پرموثر انداز میں عمل درآمد کےلئے مضبوط ریگولیٹری فریم ورک نافذ کیا جائے گا۔ یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے ضلعی انتظامیہ کی سربراہی میں ایک منظم طریق کار وضع کیا جائے گا اور سسٹم سے متعلق عوامی آگاہی کےلئے بھرپور مہمات کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسی طرح کاروباری حضرات اور عوام کےلئے ٹریننگ پروگرام اور سپورٹ سروسز کا انتظام کیا جائے گا۔ اس سسٹم کی مانیٹرنگ اور ایوالویشن کےلئے صوبائی حکومت اور موبائل والٹ سروس پارٹنر کے باہمی تعاون سے ڈیش بورڈ قائم کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ، محکمہ خزانہ، آئی ٹی بورڈ، پی ایم آر یو اور ضلعی انتظامیہ پرفارمینس ٹریکنگ اور متواتر رپورٹنگ کی نگرانی کریں گے۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے "کیش لیس خیبرپختونخوا انیشیٹو" پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دیں۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کی طرف سے چیف سیکرٹری کو باضابطہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔مراسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو مقررہ ٹائم لائینز کے مطابق اپنی ذمہ داریوں کو پوری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے یونیورسل ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کو صوبائی حکومت کا ایک انقلابی اقدام قرار دیا اور کہا کہ "کیش لیس انیشٹیو" ڈیجیٹل خیبر پختونخوا پروگرام کا حصہ ہے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اس سسٹم کے ذریعے صوبے میں ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، خیبر پختونخوا یہ نظام متعارف کروانے والا ملک کا پہلا صوبہ ہے۔ علی امین گنڈاپورنے کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کے نفاذ سے تمام کاروباری سرگرمیوں کا جامع اکنامک ڈیٹا بیس قائم کرنے میں بھی مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں مستقبل کےلئے پالیسی سازی اور منصوبہ بندی میں آسانی ہو گی۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے اجراءسے جدید فن ٹیک سلوشن کی حوصلہ افزائی ہو گی، ڈیجیٹل اکانومی اور معاشی تحفظ کو فروغ ملے گا۔ یہ ایک بہترین سسٹم ہو گا جس سے صوبے کو بین الاقوامی سطح پر ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم سے ہم آہنگ بنانے اور موثر اور شفاف انداز میں مالی لین دین کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم سے مالیاتی شفافیت اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا جبکہ دھوکہ دہی اور بدعنوانی کا مکمل خاتمہ ہو گا، علاوہ ازیں اس نظام سے ٹیکس کولیکشن میں بہتری آئے گی، کاروبار دوست ماحول قائم ہو گا اور صوبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
<><><><><><>