News Details

27/01/2025

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے عالمی بینک کے ایک وفد نے اتوار کے روز پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں کی ملاقات کی

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے عالمی بینک کے ایک وفد نے اتوار کے روز پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں کی ملاقات کی جس میں مختلف سماجی اور اقتصادی شعبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں صحت، مواصلات، سیاحت، پن بجلی، آبی وسائل، دیہی ترقی اور دیگر شعبے شامل ہیں۔ ملاقات میں مختلف سماجی شعبوں میں صوبائی حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان اشتراک کار کو مزید وسعت دینے کے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا اور صوبائی حکومت اور ورلڈ بینک کے درمیان اشتراک اور باہمی تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وفد کی قیادت ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائزر کر رہے تھے۔ وفد کے دیگر اراکین میں گیلیئس، حنا لوثیا اور ادارے کے دیگر عہدیدار شامل تھے۔ ممبر قومی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی اکرام اللہ خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے ورلڈ بینک کے اشتراک سے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے اشتراک سے صوبے میں مختلف شعبوں میں 1.9 ارب ڈالر کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ عالمی بینک کی ٹیم نے پاکستان کے لئے ادارے کی کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی تفصیلات سے وزیر اعلی کوآگاہ کیا۔ وزیر اعلی نے صوبے میں غربت میں کمی، سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے اپنی حکومت کے وڑن سے وفد کو اگاہ کیا۔ وفد نے اس سلسلے میں وزیر اعلی کے وڑن اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے شعبوں میں ورلڈ بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور موجودہ صوبائی حکومت عالمی پارٹنر اداروں کے اشتراک سے ایسے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے جن کی صوبے کی ترقی پر دور رس اثرات مرتب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی معاشی ترقی اور صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور پارٹنرشپ کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ ملاقات میں چشمہ رائٹ بینک لفٹ کنال اور پشاور ڈی آئی خان موٹروے منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے باہمی تعاون اور اشتراک کار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ورلڈ بینک کی ٹیم نے سی آر بی سی منصوبے پر عملدرآمد کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ اشتراک کار میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان دونوں منصوبے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ پشاور ڈی آئی خان موٹروے کا مجوزہ منصوبہ نہ صرف صوبے بلکہ پورے ملک کی اقتصادی ترقی کے لئے اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جبکہ سی آر بی سی منصوبے پر عملدرآمد صوبے کی فوڈ سکیورٹی کے لئے ناگزیر ہے،صوبائی حکومت ان فلیگ شپ منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے پر عزم ہے جس کے لئے صوبائی حکومت کو نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور پارٹنرشپ کی ضرورت ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت سماجی شعبوں میں ورلڈ بینک کے ساتھ اشتراک کار کو مزید بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے میں ورلڈ بینک کے اشتراک سے جاری منصوبوں پر پیشرفت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو پہلی فرصت میں دور کیا جائے گا۔