News Details

23/01/2025

خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں میزبان کے نام سے صوبائی حکومت کے ہوم اسٹے ٹورازم پروگرام پر عملدرآمد کےلئے محکمہ سیاحت اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں میزبان کے نام سے صوبائی حکومت کے ہوم اسٹے ٹورازم پروگرام پر عملدرآمد کےلئے محکمہ سیاحت اور بینک آف خیبر کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاو ¿س پشاور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔صوبائی حکومت کا یہ منفرد پراجیکٹ ابتدائی طور پر 39.5 کروڑ روپے کی لاگت سے صوبے کے سات اضلاع اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور سوات میں شروع کیا جارہا ہے۔ منصوبے کے تحت مقامی لوگوں کے گھروں میں سیاحوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کےلئے 30 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ یہ بلا سود قرضے بینک آف خیبر کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے۔سیاحوں کو اپنے گھروں کے احاطے میں رہائشی سہولیات فراہم کرنے کےلئے اہلیت کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے افراد پہلے سے دستیاب کمروں کی تزئین و آرائش یا دو نئے کمروں کی تعمیر کےلئے قرضہ حاصل کر سکیں گے۔ سیاحوں کو ان کمروں میں واش رومزاور کچن سمیت دیگر تمام ضروری سہولیات میسر ہوں گی۔ قرضوں کی واپسی کی مدت پانچ سال ہوگی اور واپسی کا عمل قرضہ وصولی کے دوسرے سال سے شروع ہوگا۔ وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور نے ہوم اسٹے ٹووارزم پراجیکٹ کو سیاحت کے فروغ کےلئے صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میزبان پروگرام کے اجراءسے نا صرف سیاحوں کو قیام کی معیاری اور محفوظ سہولیات میسر ہوں گی بلکہ یہ مقامی عوام کےلئے روزگار کا بھی بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سیاحت کو بطور صنعت فروغ دینے پر کام کر رہی ہے، ایک طرف پہلے سے موجود سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے تو دوسری طرف نئے سیاحتی مقامات کی ترقی پر بھی پیشرفت جاری ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دیکر لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔