News Details

22/01/2025

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے منگل کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں نو قائم شدہ پولیس ٹریننگ سکول کا باضابطہ افتتاح کیاہے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے منگل کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں نو قائم شدہ پولیس ٹریننگ سکول کا باضابطہ افتتاح کیاہے۔ ٹریننگ سکول آمد پر پولیس کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے پولیس ٹریننگ سکول کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا جبکہ ٹریننگ سکول میں زیر تربیت ریکروٹس کی موک ایکسرسائز کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو پولیس ٹریننگ سکول کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سکول دو کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے جس میں کمپیوٹر لیب، کلاس رومز ،میس، رہائشی کوارٹرز اور دیگر درکار سہولیات دستیاب ہیں، نو قائم شدہ ٹریننگ سکول میں فی الوقت 100 ریکروٹس کی ٹریننگ کی گنجائش موجود ہے جسے بعد میں 500 تک توسیع دی جائے گی۔ مزید بتایا گیا کہ مستقبل میں اس ٹریننگ سکول میں لیڈیز پولیس کی ٹریننگ بھی کرائی جائے گی، اس وقت نو قائم شدہ ٹریننگ سکول میں 100 ریکروٹس پر مشتمل پہلے بیچ کی ٹریننگ جاری ہے، ٹریننگ سکول کا کل رقبہ 452 کنال ہے۔ حکام نے بتایا کہ نو قائم شدہ پولیس ٹریننگ سکول سے ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ اضلاع کی پولیس بھی مستفید ہونگے۔ علاوہ ازیں پولیس ٹریننگ سکول میں ایڈوانس ٹریننگ کے لیے ٹیکٹس سکول کے قیام کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صوبے میں امن و امان کے قیام اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں خیبر پختونخواہ پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہم عوام کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداءکی قربانیوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، صوبے کے عوام اور صوبائی حکومت پولیس کی ان قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امن و امان کے قیام کو اپنی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس کو امن و امان کی موجودہ صورتحال کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کےلئے اقدامات کررہی ہے اور پولیس فورس کو مضبوط اور مستحکم بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل خرچ کر رہی ہے، پولیس فورس کو موجودہ صورتحال سے مو ¿ثر انداز میں نمٹنے کے قابل بنانے کےلئے جدید اسلحے، بلٹ پروف گاڑیوں اور دیگر درکار آلات کی فراہمی پر خطیر وسائل خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں بھرتی کے لئے پولیس شہداءکے بچوں کے لئے مختص کوٹے کے تحت بھرتیوں کے زیر التوا تمام کیسز کو نمٹایا گیا ہے اور پولیس اہلکاروں کی ترقیوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا گیا ہے تاکہ پولیس اہلکاروں کی بروقت پروموشنز یقینی ہو۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پولیس کو جدید تربیت کی فراہمی کے لئے صوبے میں موجود پولیس ٹریننگ سکولوں کے معیار کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پولیس ٹریننگ سکول ڈی آئی خان میں فائرنگ رینج کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ اختر عباس اور ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان صاحبزادہ سجاد کے علاوہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔