News Details

09/01/2025

خیبر پختونخوا حکومت نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے 37 کروڑ روپے مالیت سے فنانشل اسسٹنس پروگرام کا اجراءکر دیا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لئے 37 کروڑ روپے مالیت سے فنانشل اسسٹنس پروگرام کا اجراءکر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پروگرام کا با ضابطہ اجراءکیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے خصوصی افراد میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کئے۔ صوبائی وزیر برائے سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ کے علاوہ اراکین صوبائی اسمبلی ، محکمہ سماجی بہبود کے اعلیٰ حکام اور خصوصی افراد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ فنانشل اسسٹنس پروگرام کے تحت صوبے کے 37 ہزار خصوصی افراد کو فی کس 10 ہزار روپے دیئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرکاری کاغذات میں معذور کا لفظ لکھنے کی ممانعت ہوگی،ان افراد کے لئے تمام سرکاری کاغذات میں خصوصی افراد کا لفظ لکھا جائے۔ خصوصی افراد منفرد اور خصوصی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، انہیں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خصوصی افراد سمیت معاشرے کے تمام کمزور طبقوں کی سرپرستی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ معاشرے کے کمزور طبقوں کے لئے فلاحی اقدامات بانی چیئرمین کے وژن کا اہم جز ہے۔ " ہمارے دور حکومت میں خصوصی افراد سمیت کوئی بھی کمزور طبقہ حکومتی سپورٹ کے بغیر نہیں رہے گا، بے سہارا اور بے آسرا لوگوں کی ذمہ داری صوبائی حکومت لے گی۔ معاشرے کے کمزور طبقوں کی معاونت کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں"۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں خصوصی افراد، بیواوں اور یتیموں سمیت تمام مستحق لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ صوبائی حکومت کے تمام فلاحی اقدامات کو مستقل بنیادوں پر چلانے کے لئے انہیں ریگولر بجٹ کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ فلاحی اقدامات اور کمزور طبقوں کی معاونت کے لئے مالی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہوگی، خصوصی افراد کا الیکٹرک وہیل چئیرز کی فراہمی کا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔پہلے مرحلے میں خصوصی سرکاری ملازمین اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے خصوصی طلبہ کو الیکٹرک ویل چیئرز دیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں سکولوں میں زیر تعلیم خصوصی طلبہ کو ویل چیئرز دی جائیں گی"۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے جہیز فنڈ سے دی جانی والی رقم کو 25 ہزار روپے سے بڑھا کر 2 لاکھ کر دیا ہے جبکہ زکوٰة کی مد میں دی جانے والی رقم کو بڑھا کر دگنا کر دیا گیا ہے۔ " ضعیف اور بیوہ خواتین کی معاونت کے لیے راشن کارڈ کا اجراءکر رہے ہیں جبکہ یتیم اور یسیر بچوں کی کفالت کے لئے بھی پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بے سہارا بزرگ شہریوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ اولڈ ہوم بنائیں گے جس میں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، خواجہ سراوں کے لیے پناہ گاہ قائم کر رہے ہیں جہاں وہ عزت سے رہ سکیں۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے محکمہ سماجی بہبود کے تحت اسپیشل ایجوکیشن انسٹیٹیوٹس کے اساتذہ کے لئے خصوصی اعزازیوں کا بھی اعلان کیا۔ تقریب سے صوبائی وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ، سیکرٹری سماجی بہبود نذر حسین شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔