News Details
09/01/2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز تھانہ شرقی پشاور کا دورہ کیا اور تھانے میں نو قائم شدہ پولیس سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز تھانہ شرقی پشاور کا دورہ کیا اور تھانے میں نو قائم شدہ پولیس سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس سہولت مرکز کے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا جبکہ پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو سہولت مرکز میں فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات بارے بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو بتایا گیا کہ پولیس سہولت مرکز کے قیام سے تمام تر ضروری پولیس سروسز کی ایک ہی چھت تلے فراہمی یقینی ہو گی۔ ان پولیس سروسز میں پولیس کلیئرنس ،کیریکٹر سرٹیفیکیٹ،فارن رجسٹریشن ، ملازمین کی ویریفکیشن ، ڈومیسائل ویریفکیشن ، گمشدگی اور چوری کی رپورٹ ، کرایہ داروں کا معلوماتی فارم، ٹریفک انفارمیشن اور ڈرائیونگ لائسنس شامل ہیں۔ اسی طرح ڈرائیونگ لرنر، پولیس ویلفیئر میں ایڈمشن، ٹینڈر انفارمیشن، پولیس میں بھرتی، وکٹم سپورٹ اورلیگل ایڈوائس جیسی اہم سہولیات بھی سہولت مرکز میں میسر ہوں گی۔ پولیس سہولت مرکز مختلف خدمات اور سہولیات کی فراہمی کا ایک اینٹگریٹڈ اور آن لائن نظام ہے جس سے شہری تھانے جائے بغیر گھر بیٹھے یہ سہولیات اور خدمات آن لائن حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ پولیس سہولت مرکز صوبے میں تیسرا مرکز ہے، اس سے پہلے نوشہرہ اور چارسدہ میں یہ مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ اگلے مرحلے میں ان مراکز کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو فوری طور پر صوبے کے تمام ڈویڑنل ہیڈکوارٹرز میں اس طرح کے مراکز قائم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت تمام شعبوں میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے پر عزم ہے۔ تھانوں کے کلچر اور مجموعی ماحول کو عوام دوست بنایا جائے گا۔ تھانوں کے کلچر کو ایسا بنائیں گے کہ وہاں پر عوام کو مکمل تحفظ کا احساس ہو۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس کا کردار قابل ستائش ہے،صوبائی حکومت پولیس کی تمام ضروریات پوری کرنے اور اسے جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کر رہی ہے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈاپور اور سی سی پی او پشاور قاسم علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔