News Details

02/01/2025

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں، آج فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جو کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔ کرم مسئلے پر معاہدے کے حوالے سے بدھ کے روز یہاں سے جاری اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا 'میں اس اہم پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہوں اور تمام شراکت داروں کو مبارکباددیتا ہوں'۔ وزیراعلیٰ نے امید کا اظہار کیا کہ یہ معاہدہ کرم کے مسئلے کے پائیدار حل کےلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وہ کرم کے مسئلے کے پر امن حل کےلئے کردار ادا کرنے پر علاقہ عمائدین، فریقین، جرگہ ممبران، کابینہ اراکین، متعلقہ سول وعسکری حکام کے شکر گزار ہیں، یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دستخط سے کرم کا زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار ہوگئی، فریقین نے معاہدے پر دستخط کرکے علاقے میں امن کےلئے مثبت کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ فریقین کے درمیان نفرت پھیلانے والے عناصر کے لئے ایک واضح پیغام ہے کہ علاقے کے لوگ امن پسند ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ منافرت پھیلانے والے عناصر کومسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ہمار ی کوشش اور خواہش ہے کہ کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوں اور وہاں معمولات زندگی بحال ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لڑائی اور تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، مسائل اور تنازعات ہمیشہ مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں، تشدد ہمیشہ تشدد کو جنم دیتا ہے جو نہ فریقین، نہ علاقے اور نہ ہی حکومت کے مفاد میں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہم سب ایک ہی مذہب کے ماننے والے ہیں، پر امن بقائے باہمی اور رواداری ہمارے مذہب کی بنیادی تعلیمات میں سے ہیں، پشتون روایات میں بڑے سے بڑے مسئلے جرگے کے ذریعے حل ہوجاتے ہیں، اور اللہ کا شکر ہے کہ ہم جرگوں اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے پائیدار حل کی طرف پیشرفت کر رہے ہیں، میں اس اہم پیشرفت پر کرم کے عوام کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کرم کے عوام کو درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے انہیں دور کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، علاقے میں امن ہوگا، تو ترقی بھی ہوگی اور عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں آئیں گی۔