News Details
01/11/2024
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے سرکاری کالجز کی سولرائزیشن کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے صوبے کے سرکاری کالجز کی سولرائزیشن کے منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا ۔منصوبے کے تحت اس وقت 80 سرکاری کالجز میں 10 KVA سولر سسٹم کی تنصیب کا عمل شروع ہے جن میں سے 10 کالجز کی سولرائزیشن مکمل بھی کرلی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے جمعرات کے روز گورنمنٹ کالج پشاور کا دورہ کیا جہاں اُنہوںنے مذکورہ منصوبے کا افتتاح کیا۔صوبائی کابینہ کے اراکین کے علاوہ اراکین صوبائی و قومی اسمبلی ، سرکاری حکام ، کالج کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔ منصوبے کے تحت فی کالج 10 KVA سولر سسٹم کی تنصیب شامل ہے جس کی کل لاگت24 لاکھ 10 ہزار روپے ہے ۔ سولر سسٹم کی تنصیب سے فی کالج ماہانہ 1100 سے 1200 تک بجلی کے یونٹس میں کمی آئے گی جس سے ہر کالج کو بجلی کے بل کی مدمیں ماہانہ 55 ہزار روپے بچت ہو گی ۔ تقریباًتین سال کے عرصے میں اس سولر سسٹم کی لاگت پوری ہو جائے گی ۔ مذکورہ سولرسسٹم کی تنصیب سے نیشنل گرڈ کو فی کالج ماہانہ 120 کلوواٹ بجلی کی بچت ہو گی ۔ اس طرح اگر صوبے کے 290 کالجز میں یہ سسٹم نصب کیا جاتا ہے تو نیشنل گرڈ کو مجموعی طورپر ماہانہ 34.8 میگاواٹتک بجلی کی بچت ہو گی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایم ڈی کیٹ اور بورڈز امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طلبہ ہمارا مستقبل ہیں ، آگے چل کر ملک کی باگ ڈور انہیں نوجوانوں نے سنبھالنی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت طلبہ کو سیکھنے کا بہترین ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے ۔کالجز کی سولرائزیشن کا منصوبہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ سرکاری کالجز میں طلبہ کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ جیسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ طلبہ کو محنت کرکے اپنے اندر وہ قابلیت اور خوبیاں پیدا کرنی ہیں جو ملک کو اوپر لے جائیں ۔ ہم نے وہ نظام بنانا ہے، جس میں کوئی طبقہ محروم نہ ہو، ہر کسی کو برابر مواقع ملیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ ہم تب ایک عظیم انسان بن سکتے ہیں جب ہماری سوچ بڑی ہو گی ۔ اُنہوںنے طلبہ پر زور دیا کہ آپ نے انتہائی خلوص اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور ناکامی کو شکست دینی ہے ۔ اپنے کیئر یر میں کسی بھی مرحلے میں اگر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ ہمت ہار جائیں اور اپنا سفر روک دیں بلکہ آپ نے مزید محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے ۔ محنت کریں کیونکہ محنت کاکوئی متبادل نہیں ۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ اُن کی حکومت محدود وسائل کے باوجود طلبہ کی فلاح کیلئے اقدامات جاری رکھے گی ۔ ہم صوبے میں سکالرشپس کی تعداد بڑھا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ کو معیاری تعلیم و تحقیق کے مواقع مل سکیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے ، اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ، ہماری ذمہ داری ہے ۔ بانی چیئرمین عمران خان ہمیشہ کہتے ہیں کہ اپنے اندر موجود " میں " اور " خوف" کے بت توڑ دیں ۔اﷲ تعالیٰ ہمیں اپنی نعمتوں سے تب نوازے گا جب ہم اُس پر بھروسہ کریں اور مخلوق کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ ہماری حقیقی آزادی ضروری ہے ۔ آج جب ہم حق مانگتے ہیں تو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے اور ظلم کیا جاتا ہے ۔ ہم ایک ایسا نظام بنانا چاہتے ہیں جس میں کسی کو بھی آئین توڑنے اور کسی کے ساتھ نا انصافی اور ظلم کرنے کی گنجائش موجود نہ ہو۔ تقریب سے صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی، سیکرٹری اعلی تعلیم کامران آفریدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں وزیر اعلی نے تعلیمی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ اور اساتذہ میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کئے۔ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی محکمہ اعلی تعلیم کے حکام اور اساتذہ کے علاوہ طلبا کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی
<><><><><>