News Details
29/10/2024
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت لڑکیوں کی شرح خواندگی میں اضافے کیلئے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر کام کر رہی ہے جس کا مقصد صوبے میںلڑکیوںکے سکولوں میں داخلے کی شرح کو بڑھانا اور ڈراپ آﺅٹ کی شرح کو کم سے کم کرنا ہے
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت لڑکیوں کی شرح خواندگی میں اضافے کیلئے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر کام کر رہی ہے جس کا مقصد صوبے میںلڑکیوںکے سکولوں میں داخلے کی شرح کو بڑھانا اور ڈراپ آﺅٹ کی شرح کو کم سے کم کرنا ہے۔بچیوں کی تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں سرفہرست ہے کیونکہ تعلیم یافتہ بچیاںتعلیم یافتہ قوم کی ضمانت ہیں،جو تعلیم اور شعور ماں کی گود سے ملتا ہے وہ کسی ادارے سے نہیں ملتا۔ بچیاں اﷲ تعالیٰ کی رحمت ہوتی ہیں ، ان کے بارے میں معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ والدین اپنی بچیوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلے میں اسلامی تعلیمات پر عمل کریں ۔ ہماری بچیوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں ، انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ، صوبائی حکومت تمام شعبوں میں بچیوں کو برابر مواقع فراہم کرنے پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد ان کے ٹیلنٹ کو نکھارنا اور اسے ملک و قوم کی ترقی کیلئے بھر پور استعمال میں لانا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوںنے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ضم اضلاع کی بچیوں کو ماہانہ وظائف کے اجراءکی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی ، ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی ثریا بی بی ، سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم مسعود احمد، ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندوں اور ضم اضلاع کے سرکاری سکولوں کی بچیوں اور اساتذہ نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق پسماندہ طبقوں اور علاقوں کو آگے لانے پر کام کر رہے ہیں ۔ ضم اضلاع کے لوگوں نے ملک و قوم کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں اور مشکلات برداشت کی ہیں اور اب ان کے دُکھوں کا مداوا اور انہیں ترقی کے میدان میں آگے لانے کا وقت ہے ۔ صوبائی حکومت ضم اضلاع کے لوگوں کو ہر شعبے میں سہولیات دینے کے وژن پر کام کر رہی ہے تاکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ ہو ۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے اشتراک سے گرلز سٹائپنڈ پروگرام کے تحت ضم اضلاع کی چھٹی سے بارہویں جماعت تک کی بچیوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے کے وظائف فراہم کئے جارہے ہیںجس پر مجموعی طور پر 1.14 ارب روپے لاگت آئے گی ۔ اس لاگت سے کا 82 فیصد حصہ خیبرپختونخوا حکومت جبکہ باقی 18 فیصد ورلڈ فوڈ پروگرام فراہم کر رہا ہے ۔ پروگرام کے تحت ضم اضلا ع کے 514 گرلز سکولوں کی 30 ہزار بچیوں کو وظائف فراہم کئے جارہے ہیں۔ وظائف کی فراہمی سکولوں میں بچیوں کی کم سے کم 70 فیصد حاضری سے مشروط ہے۔اس پروگرام سے ضم اضلاع کے گرلزسکولوں میں بچیوں کی انرولمنٹ میں 14 فیصد اضافہ ریکارڈ ہو ا ہے ۔ تقریب کے بعد بچیوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاﺅس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔
<><><><><><><>