News Details

16/10/2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کامتعلقہ حکام کو صنعتوں اور اینٹ بھٹوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھانےکی ہدایت۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو صنعتوں اور اینٹ بھٹوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھانے اورصوبائی حکومت کی مقرر کردہ کم سے کم ماہانہ اجرت پرہر صورت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے بینک اکاونٹس کھول کر ان کی تنخواہیں براہ راست ان کے اکاونٹس میں منتقل کی جائیں تاکہ شفاف اور احسن انداز میں اجرت کی فراہمی یقینی ہو سکے۔ یہ ہدایت انہوں نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ محکمہ لیبر کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ صوبائی وزیر محنت فضل شکورخان، ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل، سیکرٹری لیبر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو انڈسٹری مالکان کے ساتھ مشاورت کرکے محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی ملازمت کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ محنت کشوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے محنت کشوں کے لئے شکایات کے ازالے اور زیادتیوں کی روک تھام کے لئے ایک اپیل پلیٹ فارم فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صنعتوں میں مقامی مزدوروں کے لئے کوٹہ مقرر کرکے اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔اینٹ بھٹوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے مسائل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان محنت کشوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اینٹ بھٹوں کی رجسٹریشن کرکے وہاں کام کرنے والے مزدوروں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے اور ان کے حقوق کے تحفظ اور حکومتی مراعات کی فراہمی کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔وزیر اعلیٰ نے ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن(آئی ایس ایس آئی ) کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے ڈیجیٹائزیشن کا عمل جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔