News Details

21/04/2024

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی مالی معاونت کے لئے چیکوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی مالی معاونت کے لئے چیکوں کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حکام متاثرین میں مالی معاوضوں کے چیکس تقسیم کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ باقی ماندہ متاثرین کو بھی مالی امداد کی فراہمی کے عمل اور بحالی کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے نے بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کے لئے مجموعی طور پر 200 ملین روپے جاری کئے ہیں۔ اس کے علاوہ پی ڈی ایم نے متاثرین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے امدادی سامان بھی فراہم کردیا ہے جس میں خیمے، کمبل، میٹریسز، بستر، کچن سیٹس اور سولر لیمپس وغیرہ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بارشوں کے متاثرین کی امداد اور بحالی ان کی حکومت کی سب سے پہلی ترجیح ہے جس کے لئے وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیوں کی بذات خود نگرانی کریں، متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں، اسی طرح زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے اور بند رابطہ سڑکوں سمیت دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی کے کاموں کو تیز کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے اپر دیر سے سوات جاتے ہوئے راستے میں شدید سردی سے دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلیٰ نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو بارش کی وجہ سے پھنسے ہوئے خاندان کو فوری ریسکیو کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پھنسے ہوئے خاندان کو ریسکیو کرنے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ جبکہ سردی کی وجہ سے بے ہوش ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی کا بندوبست کیا جائے۔ <><><><><><>