News Details

04/05/2023

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان سے پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک کی ملاقات

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان سے پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک اور سینئر صحافی و سابق صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض نے بدھ کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ نگران صوبائی وزیربرائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے محکمہ مال پیر ہارون شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جمہوری معاشرہ میں صحافت کو ریاست کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے ۔ نگران صوبائی حکومت بھی صحافت کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور مثبت و تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا کے صحافی حضرات اور میڈیا ادارے بھی صوبے کے حقوق و مفادات کے حصول اور عوامی مسائل کے حل میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔اس موقع پر وفد کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے سلسلے میں نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے کہا کہ ان کی حکومت صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کےلئے ہر ممکن اقداما ت اٹھائے گی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کودرپیش مسائل بھی خوش اسلوبی سے حل کر لئے جائیں گے۔ اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک نے صحافتی برادری کو درپیش مسائل میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔