News Details

19/01/2023

ملاکنڈ ڈویژن میں ایک نئے ضلع " دیر سنٹرل" کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

ملاکنڈ ڈویژن میں ایک نئے ضلع " دیر سنٹرل" کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ملاکنڈ ڈویژن میںنئے ضلع دیر سنٹرل اور تین نئی تحصیلوں اخا گرام کارو، نہاگ درہ اور صاحب آباد کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے نوزائدہ ضلع اور تحصیلوں کا نوٹیفیکیشن بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں رکن قومی اسمبلی صاحب زادہ صبغت اللہ کے حوالے کیا۔واضح رہے کہ دیر میں یہ تیسرا ضلع ہے جو پانچ تحصیلوں پر مشتمل ہے جن میں مذکورہ بالا تین نئی تحصیلیں اور دوپرانی تحصیلیں لارجم اور واڑی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے ضلع کا قیام دیر کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے پورا کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ نئے ضلع اور تحصیلوں کا قیام اُن کی طرف سے دیر کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہے ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ نئے ضلع کے قیام سے علاقے کے عوام کو درپیش مسائل مقامی سطح پر حل کرنے میں مدد ملے گی اور علاقے کی دیر پا بنیادوں پر ترقی و خوشحالی کا راستہ ہموار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے مختلف علاقوں کے مقامی مسائل اور ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبہ بندی وضع کی اور صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں بنیادوں پر ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے ضلع سنٹرل دیر کا قیام بھی صوبائی حکومت کی مذکورہ حکمت عملی کا عملی مظاہرہ ہے۔ اس موقع پر ایم این اے صاحبزادہ صبغت اللہ نے دیر کے عوام کی طرف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا خصوصی شکریہ ادا کیااور کہا کہ وزیر اعلیٰ کے اس اقدام سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔