News Details

09/11/2022

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے ایک عظیم رہنما تھے، جنہوں نے اپنی قومی شاعری، افکار اور پیغامات سے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگا کر ان میں جداگانہ قومیت کا احساس پیدا کیا، ان کے افکار نے برصغیر کے مسلمانوں میں امید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نہ صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی جس کی بدولت برصغیر کے مسلمان وطن عزیز پاکستان کی صورت میں اپنے لئے ایک جداگانہ ریاست کے حصول میں کامیاب ہوئے۔ 9 نومبریوم ولادت اقبال کی مناسبت سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ سے جاری ایک پیغام میں وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایک عظیم رہنماتھے جنہوں نے رنگ و نسل کے امتیاز کی حوصلہ شکنی، مسلمانوں میں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا اور اسلام کے حقیقی پیغام کو سمجھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے آج ہمیں اقبال کے فکر و افکار کو فروغ دینے اور ان کے پیغامات پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے، یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے علامہ اقبال کی سوچ وفکر کی پیروی کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت علامہ اقبال اور دیگر بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق پاکستان کو ایک عظیم اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوشاں ہے جس میں انصاف کا بول بالا ہو، قانون سب کے لئے برابر ہو، میرٹ کی بالادستی ہو اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو۔