News Details

15/02/2018

تحریک انصاف میں کوئی باغی گروپ نہیں ہے اورنہ ہی کوئی فاروڈ بلاک

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے سیاسی مشیر پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں کوئی باغی گروپ نہیں ہے اورنہ ہی کوئی فاروڈ بلاک تھا نہ ہے اورنہ بنے گا۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے باغی ممبران صوبائی اور قومی اسمبلی کو 2018 کے انتخابات میں پارٹی ٹکٹ نہ دینے کے فیصلے کے حوالے سے خبر کوغلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی نے بھی پارٹی سے بغاوت نہیں کی۔ اختلاف رائے کا ہونا ایک جمہوری عمل ہے ۔ تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ایم این ایز اور ایم پی ایز متحد ہیں اور وہ پارٹی کی صوبائی اور مرکز ی قیادت کے فیصلوں کو من وعن تسلیم کرتے ہیں۔ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ خود کو مستقبل کی قیادت کیلئے تیار کریں خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی اسی مقصد کے تحت تشکیل دی گئی ہے جو نوجوانوں کیلئے تربیتی ادارے کی حیثیت رکھتی ہے صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی بہترین تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود کیلئے مختلف شعبوں میں دیرپا اقدامات اٹھائے ہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ خیبرپختونخوا کے تحت جاری ایمپلائمنٹ ڈیجیٹل سکلز پروگرام سے اس وقت تقریباً 40 ہزار نوجوان مستفید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال نوشہرہ میں خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے پارلیمانی اور انتخابی اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب اور زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک ، ضلع ناظم لیاقت خٹک ، دیگر مقامی نمائندوں اور اسمبلی کے اراکین اور سیاسی پارٹیوں کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی پرویز خٹک نے کہا کہ اختلاف رائے پارٹی میں ہوتا ہے ۔ جس کو بغاوت کا نام نہیں دینا چاہیے پی ٹی آئی پارٹی کے اندر اور باہر جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ اور پارٹی ارکان کی رائے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعض اخبارات اور میڈیا گروپ بے پرکیاں اڑا رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی مقبولیت سے مخالفین خائف ہیں۔صوبے میں تحریک انصاف کے قائدین اور ارکان اسمبلی کے مابین کوئی اختلافات نہیں ۔ تمام ارکان اسمبلی عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں اوران پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان اور پارلیمانی بورڈ کریں گے۔ پارٹی ٹکٹوں کے حوالے سے پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی کے مفاد میں مشورہ دوں گا۔ ابھی تو انتخابات کااعلان بھی نہیں ہوا ہے تحریک انصاف کی صوبائی قیادت سینٹ کے انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے کوئی اجلاس منعقد نہیں کیاگیا ہے۔ٹکٹوں کی تقسیم کے فیصلے مقررہ وقت پر ہوں گے۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ ان کی حکومت شروع دن سے نوجوانوں کی فلاح و ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کی تشکیل میں بھرپور تعاون کیا جس کا مقصد نوجوانوں کی سیاسی و نظریاتی تربیت ہے نوجوان اسمبلی کے پس پردہ مقاصد کو سمجھیں اپنے آئین، قوانین اور سسٹم کا بغور مطالعہ کریں تاکہ مستقبل میں حقیقی معنوں میں قوم کی قیادت کے قابل ہو سکیں وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بدقسمتی سے ہمارے سیاست دان حکمرانی کو بڑا آسان سمجھتے ہیں حالانکہ یہ اتنی آسان نہیں ہے اس کیلئے آئین ، قوانین اور درپیش چیلنجز کا حقیقی معنوں میں ادراک ہونا ناگزیر ہے سیاسی بصیرت اور تربیت نہ ہونے کی وجہ سے سیاست اور حکمرانی کا مجموعی نظام بگاڑ کا شکار ہوجاتا ہے وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ ابھی سے محنت کریں اور جدید چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار کریں موجود سسٹم میں کمزوریوں کی نشاندہی کریں اور اپنی آواز اٹھائیں صوبائی حکومت نے پہلے بھی تعاون کیا اب بھی کر رہی ہے اور امید ہے کہ آنے والی حکومتیں بھی آپ سے تعاون کریں گی پرویزخٹک نے کہا کہ صوبے کی تقریباً 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے دوسرا اہم اور مثبت پہلو یہ ہے کہ آج کے نوجوان ماضی کے مقابلے میں زیادہ باشعور ، تعلیم یافتہ ہیں اور جدید تعلیمی و تحقیقی رجحانات سے شناسا ہیں نوجوانوں نے ہی پاکستان تحریک انصاف کے تبدیلی کے وژن کو تقویت دی ہے اور اس ایجنڈے پر عمل درآمد کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے پرویز خٹک نے کہا کہ نوجوان صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے صوبے کے تمام شعبوں میں نوجوانوں کی فلاح کیلئے بھرپور کام ہو رہا ہے نوجوانوں کو اپنی ترقی خود پلان کرنے اور فیصلہ سازی کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں نوجوانوں کی معیاری فنی تعلیم کیلئے تربیتی مراکز قائم کئے گئے ہیں صوبائی حکومت کے ایمپلائمنٹ ڈیجیٹل سکلز پروگرام کے تحت چار تربیتی مراکز میں تربیت دی جارہی ہے اس پروگرام سے مستفید ہونے والے 40 ہزار نوجوان لڑکے اور لڑکیاں گھر بیٹھے باعزت طریقے سے روزگار کما رہے ہیں وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے مطالعے اور تحقیق کی روشنی میں سسٹم کی بہتری کیلئے تجاویز اور سفارشات ضرور دیں کیونکہ مستقبل آپ لوگوں نے ہی سنبھالنا ہے پرویز خٹک نے اس موقع پر صوبہ بھر میں ضلعی کونسل ہالوں میں خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے پارلیمانی اجلاس منعقد کرنے کی اصولی منظوری بھی دی۔